کراچی: قومی کرکٹ کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم جس لائحہ عمل کے ساتھ کھیل رہی ہے اسے کسی بھی معیاری حریف کو آسانی سے شکست دینے میں بہت جدو جہد کرنی پڑے گی۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ کے دوران سابق کپتان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنا پیغام شیئر کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹیم منیجمنٹ کو سمجھنا چاہیے کہ ایک بامقصد لائحہ عمل تیار کرکے اسے لاگو کروانے کی سخت ضرورت ہے ورنہ پاکستان کو کسی معیاری ٹیم کو شکست دینے میں بہت جدو جہد کرنی پڑے گی۔
شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ جدید ایک روزہ میچ میں حریف ٹیم پر بیٹنگ اور بولنگ میں حملہ آور ہونا ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے انگلینڈ کی بلے بازی کا حوالہ دیا کہ دو کھلاڑی پویلین لوٹنے کے باوجود انھوں نے سمجھداری سے بلے بازی کی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 52 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔