Site icon روزنامہ کشمیر لنک

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے گرفتار مسلح شخص کون؟ کہاں سے آیا؟

اسلام آباد: پولیس نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے اسلحہ بردار شخص کو گرفتار کرلیا۔ یہ واقعہ آج 12 بجے کے قریب پیش آیا۔ پیر کو ہی شام چار بجے قومی اسمبلی کا اجلاس بھی ہے جس میں تمام اراکین قومی اسمبلی کی شرکت متوقع ہے۔

پولیس حکام کے مطابق اسلحہ لہرانے والے کی شناخت ملک سہیل کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم چکری کے رہائشی ہیں اور عمر45 سال ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملک سہیل کا بظاہر دماغی توازن درست نہیں ہے اور ان کے شناختی کارڈ کی مدد سے ان کا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پارلیمنٹ کے سامنے چوک پر ایک شخص شلوار قمیض اور سر پر صافہ باندھےہوئے موجود ہیں جب کہ ان کے ہاتھ میں پستول ہے۔ پولیس کو علم تب ہوا جب وہ وہاں پہنچے اور چوک پر دو گاڑیوں کوروکنے کی کوشش کی اور پستول کی نمائش کی۔ جس کے بعد وہاں موجود سکیورٹی اہلکار چوکس ہوگئے۔

واضح رہے کہ چوک سے چند قدم فاصلے پر ہی میٹرو سٹیشن موجود ہے۔ پہلے سٹاپ اور پارلیمنٹ کی جانب جانے والی سڑک پر چیک پوسٹ موجود تھی جس کے باعث ہر آنے جانے والے پر نظر رکھی جاتی تھی۔ لیکن چیک پوسٹ کو ختم کرنے کے بعد اب کوئی بھی سٹیشن پر اُتر کر باآسانی آگے جا سکتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ 45 سال کا ملزم سہیل راولپنڈی کے علاقے چکری کا رہنے والا ہے جس کے ایک ہاتھ میں پستول اور دوسرے میں چھری تھی، ملزم کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم اسلحہ لےکر پارلیمنٹ کے باہر کیوں آیا، اس بارے میں تفتیش کی جارہی ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت سہیل ولد محمد اسلم کے نام سے ہوئی ہے اور اس سے پستول برآمد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم اسلحہ لےکر پارلیمنٹ کے باہر کیوں آیا، اس بارے میں تفتیش کی جارہی ہے۔

Exit mobile version