Site icon روزنامہ کشمیر لنک

آزاد کشمیر انتخابات: تیسرے اور آخری مرحلے میں بھی پی ٹی آئی کامیاب

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 12 ویں عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھی پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔ علماء و مشائخ ، ٹیکنو کریٹ اور اورسیز کشمیریوں کے لیے مختص نشستوں پر پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب ہو گئے۔ اس کے ساتھ ہی پی ٹی آئی 53 رکنی ایوان میں 32 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔

تین مخصوص نشستوں پر سوموار کے روز ہونے والے انتخابات میں پی ٹی آئی کے نامزدر امیدوار مولانا مظہر سعید شاہ 27 ووٹ لیکر علماء و مشائخ کی مخصوص نشست پر رکن اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں ٹیکنو کریٹ کی نشست پرپی ٹی آئی کے امیدوار چودھری رفیق نیئراور اورسیز کشمیریوں کی مخصوص نشست پر محمد اقبال کو بھی 27، 27 ووٹ ملے۔

اس سے قبل خواتین کی پانچوں مخصوص نشستوں پر تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکی ہیں۔ ان میں پی ٹی آئی کی تین جبکہ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کی ایک ایک امیدوار شامل ہیں۔ پی ٹی آئی نے خواتین کی نشستوں پر پروفیسر تقدیس گیلانی، پروفیسر صبیحہ صدیق اور محترمہ امتیاز نسیم کو ٹکٹ جاری کیے تھے جبکہ پیپلز پارٹی نے نبیلہ ایوب اور مسلم لیگ (ن) نے نثارہ عباسی کو امیدوار نامزد کیا۔ یہ سبھی خواتین بلا مقابلہ منتخب ہو چکی ہیں۔

سوموار کے روز قانون ساز اسمبلی کی تین مخصوص نشستوں پر انتخابات ہوئے۔ پولنگ کا وقت صبح ساڑھے دس بجے سے اڑھائی بجے تک مقرر تھا۔ علما مشائخ کی سیٹ کے لیے کل 44 میں سے 41 اراکین نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔ خواتین کی پانچ جبکہ مجموعی طور پر8مخصوص نشستوں میں سے 6نشستیں پی ٹی آئی کے حصے میں آئیں۔ پیپلزپارٹی، ن لیگ خواتین کی ایک ایک نشست حاصل کر سکیں۔ ایوان میں 32نشستوں کے ساتھ پی ٹی آئی سرفہرست ہے۔ کل سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہو گا۔

آٹھ مخصوص نشستوں کا انتخاب مکمل ہونے کے بعد ایوان کی تکمیل ہو گئی ہے۔ قانون ساز اسمبلی کی تین مخصوص نشستوں پر انتخاب کے آخری مرحلے میں تحریک انصاف نے تینوں مخصوص نشتیں حاصل کر لیں۔ علما ومشائخ کی مخصوص نشست پر تحریک انصاف کے محمد مظہر سعید 27 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

علما و مشائخ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے صاحبزادہ سلیم چشتی نے 13ووٹ حا صل کیے۔سمندر پار کشمیریوں کی نشست پر تحریک انصاف کے محمد اقبال 27ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ سمندر پار کشمیریوں کی نشست پر پیپلز پارٹی کے حافظ طارق محمود 14 نے ووٹ حاصل کئے۔ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر تحریک انصاف کے رفیق نیئر 27ووٹ لے کر کامیاب۔ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر پیپلز پارٹی کے ذوالفقار علی 14 نے ووٹ حاصل کئے۔

مجموعی طور پر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں تحریک انصاف کی نشستوں کی تعداد 32 ہو گئی ہے پیپلز پارٹی 12 نشستوں کے ساتھ دوسرے مسلم لیگ ن 7 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ پیپلزپارٹی کے دو نشستوں پر کامیاب ہونیوالے چوہدری یاسین کو ایک سیٹ چھوڑنی پڑے گی۔

Exit mobile version