Site icon روزنامہ کشمیر لنک

سی پیک اتھارٹی کے سربراہ عاصم باجوہ نے استعفیٰ دے دیا

وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ اسد عمر کے مطابق جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے سی پیک اتھارٹی کی چئیرمین شپ سے استعفی دے دیا ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے نئے سی پیک معاون خصوصی خالد منصور کو خوش آمدید کہا۔

وزیراعظم دفتر سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ خالد منصور کو سی پیک امور پر وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کردیا گیا ہے، جس کا اطلاق فوری ہوگا۔ خالد منصور کے حوالے سےکہا گیا کہ ان کی تعیناتی اعزازی سطح پر ہوگی۔

اپنے ٹویٹ میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ میں خالد منصور کو سی پیک افئیرز کی ٹیم میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ ان کا چینی کمپنیوں کے ساتھ کام کا وسیع تجربہ اور چند بنیادی سی پیک پروجیکٹس میں ان کی شمولیت یقینی طور پہ انہیں سی پیک کے اگلے مرحلے کی سربراہی کا اہل بناتی ہے۔

انہوں نے مزید لکھا ’میں عاصم باجوہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنی خدامات سی پیک کے لیے فراہم کیں

اور اس کی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کیا۔ ان کی شمولیت سی پیک پروجیکٹ کے لیے بہت اہمیت کی حامل رہی۔


دوسری جانب جنرل (ریٹائرڈ) عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹوئٹر اکانٹ پر لکھا کہ میں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھے یہ موقع دیا کہ میں سی پیک پروجیکٹ میں شمولیت اختیار کر سکوں اور اس کے مستقبل کی سمت کا تعین کر سکوں۔ یہ سب وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کے اعتماد کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ میں خالد منصور صاحب کو خوش آمدید کہتا ہوں جو یقینا اس عہدے کے مکمل اہل ہیں۔ سی پیک پاکستان کی لائف لائن ہے اور ہمارا خوشحال مستقبل انشاللہ اسی سے وابستہ ہے۔

وزیراعظم کے ترجمان اور معاون خصوصی شہباز گل نے نوٹیفیکیشن ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیراعظم عمران خان نے خالد منصور کو معاون خصوصی برائے سی پیک امور تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔‘

Exit mobile version