Site icon روزنامہ کشمیر لنک

عبدالقیوم نیازی وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار نامزد

پاکستان تحریک انصاف نے عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے امیدوار نامزد کر دیا جبکہ چودھری لطیف اکبر متحدہ اپوزیشن کے امیدوار ہوں گے۔

سردارعبدالقیوم نیازی ایل اے 18 عباس پور سے منتخب ہوئے، ان کا تعلق  ضلع پونچھ کی تحصیل عباس پور سے ہے۔ عبدالقیوم نیازی اس سے پہلے وزیر خوراک رہ چکے ہیں۔ وہ 2006 میں مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے کامیاب ہوئے۔ عبدالقیوم نیازی 2 سال پہلے مسلم کانفرنس چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے۔

ادھر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ طویل مشاورت کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے نومنتخب ایم ایل اے قیوم نیازی کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے، قیوم نیازی ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں، جن کا دل کارکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب آج ہوگا، ووٹنگ دو بجے شیڈول ہے۔ 53 رکنی ایوان میں پاکستان تحریک انصاف کو 32 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل ہے۔

Exit mobile version