Site icon روزنامہ کشمیر لنک

وزیر اعظم عبدالقیوم نیازی، سنیئر وزیرتنویر الیاس نے حلف اٹھا لیا

نومنتخب وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا جبکہ سردار تنویر الیاس نے بھی بطور وزیر حکومت حلف اٹھایا۔ حلف برداری کی تقریب بدھ کے روز ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے نو منتخب وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی اور سینئر وزیر سردار تنویر الیاس سے ان کے عہدوں کاالگ الگ حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور، سپیکرآزادجموں وکشمیرقانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق، ڈپٹی سپیکر ریاض احمد، نو منتخب ممبران اسمبلی، چیف سیکرٹری آزادکشمیرشکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سید آصف حسین، سیکرٹریز حکومت، انسپکٹر جنرل پولیس سہیل حبیب تاجک، سربراہان محکمہ جات اورمختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

قبل ازیں چیف سیکرٹری آزادکشمیر /سیکرٹری کابینہ شکیل قادر خان نے وزیر اعظم آزادکشمیر کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا جبکہ سینئر موسٹ وزیر حکومت کا نوٹیفکیشن سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن چوہدری لیاقت حسین نے پڑھ کر سنایا۔تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سید آصف حسین نے سرانجام دیے۔ یاد رہے کہ سردار عبدالقیوم خان نیازی آزادکشمیر کے 13ویں وزیر اعظم ہونگے۔ جوکہ پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر آزاد کشمیر اسمبلی کے حلقہ ایل اے 18عباسپور سے ممبر اسمبلی منتخب ہوئے۔

تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کہا کہ ہم آزادکشمیر میں رول آف لاء کی عملداری یقینی بنائیں گے اور کرپشن سے پاک ریاست ہمارا مشن ہوگا۔ ہم پاکستان جیسے احتساب کے نظام کوآزادکشمیر میں بھی رائج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں آج چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی پوری کابینہ بالخصوص وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ جیسے سیاسی کارکن پر اعتماد کیا اور مجھے وزارت عظمیٰ کے لیے منتخب کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر جرات مندانہ اور بیباک انداز میں پیش کرنے پر آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جانب سے وزیرا عظم پاکستان کو شکریہ ادا کرتا ہوں۔مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کرنے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح تحریک انصاف عوام میں مقبول ہوئی ہے اس کا کریڈٹ وزیر اعظم پاکستان کو جاتا ہے۔ آزادکشمیر میں ہونے والے انتخابات کے اثرات پاکستان میں 2023کے انتخابات میں بھی مرتب ہوں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے عام آدمی کے لیے ہیلتھ کارڈ کا اجراء کیا، احسا س پروگرام اور غریبوں کے لیے پناہ گاہیں تعمیر کیں جس سے عام آدمی کو احساس ہوا کہ ہمارا ملک کا سربراہ ایک مخلص شخص ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام ممبران اسمبلی، صدر تحریک انصاف آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ا ور سردار تنویر الیاس کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر بھرپو ر اعتماد کیا۔انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر افواج پاکستان کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جو لائن آف کنٹرول پر ہماری سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہیں۔ میں خود لائن آف کنٹرول کے قریب رہائش پذیر ہوں اور میں نے اپنی رہائش نہیں بدلی۔لائن آف کنٹرول پر آباد لوگوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ عمران خان ہی وہ مخلص شخص ہے جو کشمیریوں کا وکیل ہونے کی حیثیت سے مسئلہ کشمیر کو بھرپو رانداز میں اجاگر کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے پنجاب، خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان میں متوسط لوگوں کو آگے لایا اور یہاں مجھ جیسے سیاسی کارکن پر اعتماد کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی آزادکشمیر کو شفاف انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ریاست کے لوگوں کے لیے میری جان بھی قربان ہے۔ آزادکشمیر کو کرپشن فری ریاست بنائیں گے۔

Exit mobile version