Site icon روزنامہ کشمیر لنک

ٹوکیو اولمپکس: پاکستان کے ارشد ندیم جیولین تھرو مقابلوں کے فائنل میں پہنچ گئے

پاکستان کے ارشد ندیم نے ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلوں کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا اور وہ اولمپکس ایتھلیٹکس مقابلوں کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ہیں۔

ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو کے گروپ میچز بدھ کی صبح ہوئے جس میں پاکستان کے ارشد ندیم گروپ بی میں شامل تھے۔

ایونٹ میں شریک 32 ایتھلیٹس کو فائنل تک رسائی کیلئے پہلے 83.5کی تھرو درکار تھی، ارشد ندیم پہلی باری میں تو 78.5 کی تھرو کرسکے لیکن دوسری باری میں انہوں نے 85.16 کی تھرو کرکے فائنل کیلئے براہ راست کوالیفائی کرلیا۔

یہ ارشد ندیم کی اپنے کیرئیر کی تیسری بہترین تھرو تھی، وہ 85.16 کی تھرو کے ساتھ گروپ بی میں پہلی پوزیشن پر رہے جب کہ دونوں گروپس میں مجموعی طور پر یہ تیسری بہترین تھرو رہی۔

گروپ اے میں شامل بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا 86.65 کی تھرو کے ساتھ پہلی جب کہ جرمنی کے جوہانیس ویٹر 85.64 کی تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

حیرت انگیز طور ٹاپ جیولین تھرورز جولیئس یگو، چاو سن سینگ ، کیشورن ویلکوٹ، مارسن کرووسکی، برنہارٹ سیفرٹ اور اینڈرسن پیٹرس فائنل تک کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے۔

ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو کے فائنل مقابلے 7 اگست کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوں گے۔ ارشد ندیم ٹاپ تھری ایتھلیٹ کے طور پر ٹریک پر آئیں گے اور یقینی طور پر وہ پاکستان کیلئے میڈل کی ایک امید ہوں گے۔

اولمپکس مقابلوں میں جیولین تھرو کا ورلڈ ریکارڈ ناروے کے ایندریاس تھورکلڈسن کے پاس ہے، انہوں نے 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں 90.57 کی تھرو کی تھی جب کہ جمہوریہ چیک کے یان زیلزنی 98.48 کی تھرو کے ساتھ ورلڈ ریکارڈ کے حامل ہیں۔

Exit mobile version