کشمیر پریمیئر لیگ کے افتتاحی میچ میں راولا کوٹ ہاکس نے میر پور رائلز کو شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے یکطرفہ مقابلے کے بعد 43رنز کے کامیابی حاصل کی۔ میرپوررائلز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو احمد شہزاد اور بسم اللہ خان نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاورپلے میں 54 رنز بنا ڈالے۔
https://twitter.com/kpl_20/status/1423898203196465152
نویں اوور میں اس شراکت کی سنچری مکمل ہوئی تو احمد شہزاد نے بھی نصف سنچری تک رسائی حاصل کرلی۔ میر پور رائلز کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب گیارہویں اوور میں عماد بٹ نے 59رنز بنانے والے بسم اللہ خان کو بولڈ کردیا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 34گیندوں پر دلکش اننگز کھیلی۔عمر امین محض 4رنز بنا کر عماد بٹ کا دوسرا شکار بنے۔
احمد شہزاد نے راولا کوٹ ہاکس کی طرف سے سب سے زیادہ 69 رنز بنائے۔ 42 بولزپر مشتمل اننگز میں احمد شہزاد نے 7چوکوں اور 4چھکے لگائے۔حسین طلعت نے 23 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان شاہد آفریدی صرف پانچ گیندوں پر مہمان ثابت ہوئے مگر ان کے دو چھکوں نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ راولا کوٹ نے مقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں پر 194 رنز بنائے۔ میر پور رائلز کی طرف سے کامیاب بولر عماد بٹ رہے جنہوں نے چار اوورز میں 20رنز کے بدلے تین وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر سلمان ارشاد نے 2/38کی کارکردگی دکھائی۔
https://twitter.com/kpl_20/status/1423927581682946051
میر پور رائلز کی اننگز کا آغاز متاثر کن نہیں تھا۔ دوسرے اوور عثمان شنواری نے ابتسام الحق کو پویلین کی راہ دکھائی تو اگلے اوور میں کشمیری پیسر زمان خان نے محمد طہہ کو آوٴٹ کردیا۔ دونوں بیٹسمین اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔مختار احمد کی 17رنز کی مہم جوئی آصف آفریدی نے ختم کی تو 32پر3کے اسکور پر میرپور رائلز کی ٹیم مشکلات سے دوچار ہوگئی اور ان مشکلات میں مزید اضافہ خوش دل شاہ اور محمد اخلاق کی وکٹیں گرنے سے ہوا۔
https://twitter.com/kpl_20/status/1423936603702145032
دسویں اوور میں 58/5کے اسکور کے باوجود کپتان شعیب ملک نے بلند و بالا چھکے لگا کر اپنے عزائم کا اظہار کردیا۔زمان خان نے اپنے دوسرے اسپیل میں 22رنز بنانے والے عماد بٹ کو آوٴٹ کرکے اہم کامیابی دلوائی تو آخری پانچ اوورز میں رائلز کو 90رنز درکار تھے۔ شعیب ملک نے 6چوکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 51 گیندوں پر 77 رنز کی اننگز ضرور کھیلی مگر وہ اپنی ٹیم کو 43 رنز کی شکست سے نہ بچا سکے۔ راولا کوٹ ہاکس کی طرف سے زمان خان ، آصف آفریدی اور شاہد آفریدی نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔