اوورسیز واریئرز کو سات وکٹوں سے شکست
سہیل اختر اور صہیب مقصود کی نصف سنچریاں، اُسامہ میر کی عمدہ بولنگ
مظفرآباد ٹائیگرز نے اپنے ہوم گراوٴنڈ پر کشمیر پریمیئر لیگ کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرتے ہوئے اوورسیز واریئرز کو سات وکٹوں سے شکست دی۔
اوورسیز واریئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو سہیل تنویر نے اپنی ٹیم کو ابتدا میں کامیابی دلوادی۔ ناصر نواز نے 35 اور حیدر علی نے 25 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالا اور پھر کپتان عماد وسیم نے بھی 34 رنز بنا ڈالے۔ اختتامی اوورز میں سہیل خان نے برق رفتار 26 رنز بناتے ہوئے اوورسیز واریئرز کو 153 کا مجموعہ دلوادیا۔ لیگ اسپنر اُسامہ میر نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ارشد اقبال نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
ملک نثار اور ذیشان اشرف نے مظفرآباد ٹائیگرز کو مثبت آغاز فراہم کیا لیکن کامران غلام نے ذیشان اشرف کو آوؐٹ کرنے کے بعد کپتان محمد حفیظ (10)کو آوٴٹ کرکے واریئرز کی امیدوں کو روشن کیا لیکن جب صہیب مقصود کو سہیل اختر کا ساتھ ملا تو پھر میدان میں چوکوں اور چھکوں کی برسات شروع ہوگئی۔ صہیب مقصود نے 38 بالز پر 52 رنز کی اننگز کھیلی جس میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ دوسری جانب سہیل اختر نے صرف 24 گیندوں پر سات چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے 58 رنز بنا ڈالے۔ دونوں بیٹسمین ناقابل شکست رہے اور مظفرآباد ٹائیگرز نے اٹھارہویں اوور میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔