مظفرآباد ٹائیگرز نے ہائی اسکورنگ مقابلے میں کوٹلی لائنز کو آوٴٹ کلا س کردیا۔ ذیشان اشرف نے ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری اسکور کر ڈالی۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے 62گیندوں پر 107* رنز بنائے
https://twitter.com/kpl_20/status/1425079253436182531
کوٹلی لائنز کے کپتان کامران اکمل نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا درست فیصلہ کیا کیونکہ کامران کے ساتھ سید عبداللہ نے پانچ اوورز میں 48رنز بنا ڈالے۔ نوجوان سید عبداللہ نے پاور پلے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے محض 16گیندوں پر چار چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے 35رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ کامران اکمل کو محمد حفیظ نے قابو کیا جنہوں نے 23بالز پر 5 چوکے لگاتے ہوئے 27رنز بنائے۔ احسان علی (11) کی قربانی دینے کے بعد دس اوورز میں اسکور 85تک پہنچ چکا تھا۔
سیف بدر ایک اینڈ پر تماشائی بنے آصف علی کو بولرز کی دھلائی کرتے ہوئے دیکھتے رہے جنہوں نے صرف 34گیندوں پر چار چوکوں اور پانچ چھکوں کے ساتھ 67رنز کی طوفانی اننگز کھیلی جبکہ سیف بدر 28رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ خالد عثمان کا اسکور 19*تھا۔ سہیل تنویر، ارشد اقبال، عثمان یوسف اور محمد حفیظ نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔
https://twitter.com/kpl_20/status/1425080531625123842
مظفرآباد ٹائیگرز کیلئے 196رنز کا ہدف آسان نہ تھا مگر ذیشان اشرف کی دھواں دھار بلے بازی کے ساتھ کوئی بھی ہدف مشکل نہ تھا۔ تیمور سلطان (4) ابتدا میں ذیشان کا ساتھ چھوڑ گئےجبکہ صہیب مقصود (17) بھی ایک چھکا لگانے کے بعد وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ دوسری جانب کپتان محمد حفیظ بغیر کسی گیند کا سامنا کیے بغیر رن آوٴٹ ہوگئے لیکن ذیشان اشرف کی تیز رفتار بیٹنگ میں کوئی فرق نہ آیا۔
دسویں اوور میں مظفرآباد ٹائیگرز کے 100 رنز مکمل ہوئے جبکہ سولہویں اوورز میں ٹائیگرز 150عبورکرچکے تھے۔ سہیل اختر 17اور انور علی 15 رنز ہی بنا سکےلیکن 62گیندوں پر 18 چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ 107 رنز کی ناقابلِ شکست باری کھیلنے والے ذیشان اشرف نے نا صرف ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری داغ دی بلکہ 19ویں اوور میں مظفرآباد ٹائیگرز کی جیت بھی ممکن بنا دی۔ رہی سہی کسر محمد وسیم جونیئر نے نکال دی جنہوں نے پانچ گیندوں پر تین زوردار چھکے لگاتے ہوئے 19*رنز بنائے۔ عاکف جاوید نے دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔