Site icon روزنامہ کشمیر لنک

راولاکوٹ ہاکس نے کشمیر پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیت لیا

راولاکوٹ ہاکس کی 8رنز سے کامیابی

آصف آفریدی نے آخری اوور میں 10رنز کا کامیابی سے دفاع کیا

کشمیر پریمیئر لیگ کے فائنل میں مظفرآباد ٹائیگرز نے ٹاس جیت کر راولاکوٹ ہاکس کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی جس کے جواب میں ہاکس نے پہلی ہی اوور میں 12 رنز بنا دیے۔ بسم اللہ خان اور عمر امین کی جوڑی نے چار اوورز میں 31رنز جوڑ دیے جبکہ پانچویں اوور میں محمد حفیظ نے عمر امین کو ایل بی ڈبلیو کرکے مظفرآباد ٹائیگرز کو پہلی کامیابی دلوائی۔ عمر امین نے 23گیندوں پر دو چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے 23رنز بنائے۔ 53پر پہلی وکٹ گری اور پھر اسی اسکور پر آٹھویں اوور میں بسم اللہ خان بھی آوٴٹ ہوگئے جنہوں نے اپنی وکٹ اسامہ میر کے حوالے کرنے سے پہلے 19 گیندوں پر 30رنز بنائے جس میں چار چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھا۔ نویں اوور کی آخری گیند پر انور علی نے حسین طلعت (5) کا کیچ پکڑا تو کپتان محمد حفیظ کی خوشی دیدنی تھی۔ 61پر تیسری وکٹ گنوانے کے بعد کریز پر اِن فارم کاشف علی کی آمد ہوئی جنہوں نے صرف 28گیندوں پر 54رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ صاحبزادہ فرحان نے کاشف علی کا ساتھ دیتے ہوئے 21 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کے ساتھ 28رنز بناتے ہوئے راولاکوٹ ہاکس کو 169/7کا مجموعہ دلوادیا جس میں عمران رندھاوا کے 17*رنز بھی شامل تھے۔ کپتان شاہد آفریدی بیٹنگ کیلئے نہیں آئے جبکہ مظفرآباد ٹائیگرز کی طرف سے محمد حفیظ اور اسامہ میر نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

ٹرافی پر نظریں جمائے کپتان محمد حفیظ اور ذیشان اشرف نے 170کا تعاقب جارحانہ انداز میں کیا۔ چھٹے اوور میں 54رنز کی اوپننگ شراکت کا خاتمہ آصف آفریدی نے کیا جب بائیں ہاتھ کے اسپن بولر نے 21گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 29رنز بنانے والے محمد حفیظ کو آوٴٹ کردیا۔ نویں اوور میں شاہد آفریدی کا استقبال چھکے کے ساتھ کیا مگر اسی اوور میں شاہد آفریدی نے ذیشان اشرف کو بولڈ کردیا۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر نے 26گیندوں پر چار چوکے ار چار چھکے لگاتے ہوئے 46رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ آخری دس اوورز میں اب 80 رنز درکار تھے کہ شاہد آفریدی نے مظفرآباد ٹائیگرز کو دوہرا نقصان پہنچاتے ہوئے صہیب مقصود کو بھی بولڈ کردیا جنہوں نے 15 رنز بنائے۔ تیرہویں اوور میں حسین طلعت کو آزمانے کا فیصلہ درست ثابت ہوا جنہوں نے سہیل اختر (2) کو بولڈ کرکے اسکور 97/4کردیا۔ 14ویں اوور کی پہلی دو گیندوں پر سہیل تنویر نے حسین طلعت کی تواضع چوکوں سے کی تو مظفرآباد ٹائیگرز114/4پر پہنچ گئے اور پھرآخری پانچ اوورز میں 50رنز کی ضرورت تھی۔ حسین طلعت کا ستارہ عروج پر تھا جنہوں نے انور علی (7) کی بڑی وکٹ حاصل کرکے راولاکوٹ ہاکس کو جیت کے قریب کردیا۔ آخری چار اوورز میں 47 رنز کا ہدف مشکل لگ رہا تھا مگر زمان خان کی گیند پر عمران رندھاوا نے سہیل تنویر کا اہم کیچ چھوڑ دیا جس کا جشن محمد وسیم جونیئر نے دو چھکے لگا کر منایا۔اٹھارہویں اوور میں حسین طلعت نے تیسری وکٹ لیتے ہوئے سہیل تنویر(21) کو چلتا کیا۔ وسیم جونیئر کی موجودگی میں مظفرآباد ٹائیگرز کو آخری اوور میں دس رنز کی ضرورت تھی۔ مگر آصف آفریدی نے اس کو ناممکن بنا دیا ۔آخری چھ گیندوں پر آصف آفریدی نے غیر معمولی بولنگ کرتے ہوئے صرف ایک رن دیا جس نے راولاکوٹ ہاکس کو کشمیر پریمیئر لیگ کا چمپئن بنا دیا۔

Exit mobile version