پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کیخلاف شہری سراپااحتجاج، ٹرانسپورٹرز نے از خود کرایوں میں اضافہ کردیا، سستی سواری کی تلاش میں لڑائی جھگڑے معمول بن گئے۔ مہنگائی کی ماری عوام وفاقی حکومت بالخصوص وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف پھٹ پڑے،قیمتوں میں کمی لانے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا جس پر آزادکشمیر کے شہری عوام مزید مہنگائی کیخلاف سراپااحتجاج بن گئے۔
147روپے فی لیٹر پیٹرول کی قیمت ہونے کے ساتھ ہی مختلف روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ مالکان نے کرایوں میں خود ساختہ اضافہ کرلیا ہے۔مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان لڑائی جھگڑے ،کئی مقامات پر نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی،عوام بچ بچائو کراتے رہے۔
لوگوں کی اکثریت نے ڈیزل پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد گاڑیوں کا استعمال ترک کردیا ہے اور کئی نے سستی سوری کے لیے موٹر سائیکل رکھ لیے،بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شہری حلقوں میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
دوسری جانب مہنگائی کیخلاف عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی ہے اور مختلف جماعتوں کے نمائندے سول سوسائٹی مہنگائی کیخلاف احتجاج کررہی ہے۔