Site icon روزنامہ کشمیر لنک

پاکستان باہر، آسٹریلیا ٹی-ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل کھیلے گا

ٹی-ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 177 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

میتھیو ویڈ نے 41 اور اسٹونس نے 40 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ڈیوڈ وارنر 49 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔


مچل مارش 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اسٹیو اسمتھ 5 اور گلین میکسویل 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

شاداب خان کی چار وکٹیں بھی پاکستان کو فتح سے ہمکنار نہ کرواسکیں، شاہین شاہ آفریدی ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

قبل ازیں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا تھا۔

محمد رضوان نے 52 گیندوں پر 67 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 4 بلند و بالا چھکے اور تین چوکے شامل تھے، رضوان کو مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا۔

کپتان بابر اعظم 39 رنز بنا کر ایڈم زمپا کو وکٹ دے بیٹھے، جارح مزاج بیٹر آصف علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

شعیب ملک ایک رن بنا کر مچل اسٹارک کا نشانہ بنے، فخر زمان 55 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں چار چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے دو وکٹیں حاصل کیں، پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

گرین شرٹس نے وننگ کمبینیشن کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے اور ٹیم انہی کھلاڑیوں ‏پر مشتمل ہے جو ایونٹ کے آغاز سے ترتیب دی گئی تھی۔

کپتان نے کھلاڑیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اب تک کوئی تبدیلی نہیں کی اور اسی تسلسل کو سیمی ‏فائنل میں بھی برقرار رکھا ہے۔

اہم میچ کے لیے آسٹریلوی ٹیم نے بھی کوئی تبدیلی نہ کرتے ہوئے وننگ کمبینیشن کو برقرار رکھا ہے۔ آسٹریلوی ٹیم میں ڈیوڈوارنر،ایرون فنچ،مچل مارش، اسٹیواسمتھ، گلین میکس ویل، میتھیوویڈ، اسٹوئنس، ایڈم زیمپا، مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

Exit mobile version