Site icon روزنامہ کشمیر لنک

سعودی عرب کا پاکستان کو دو خوبصورت مساجد کا تحفہ

سعودی عرب نے پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام کو نو تعمیرشدہ دو خوبصورت مساجد کا تحفہ ۔ سعودی حکومت کی مالی اعانت سے دونوں مساجد حال ہی میں خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ اور آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں تعمیر کی گئی ہیں۔پاکستان کے شمال مغربی سرحدی خیبرپختونخواہ کے شہر مانسہرہ میں تعمیرکردہ جامع مسجد کو سعودی عرب کے بانی مرحوم شاہ عبدالعزیزآل سعود کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔اس جامع مسجد شاہ عبدالعزیز میں بیک وقت 10 ہزارعبادت گزاروں کے نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے۔سعودی حکومت نے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں جامع مسجد شاہ فہد بن عبدالعزیز تعمیر کی ہے۔ اس میں بیک وقت چھ ہزار نمازیوں کی عبادت کی گنجائش ہے۔

عرب نیوز کے مطابق ان دونوں مساجد کے فنِ تعمیر میں بہ طورخاص مکہ مکرمہ میں المسجدالحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ کے نقشے اور دل کش ڈیزائن کوپیش نظررکھا گیا ہے اوران ہی کی طرح ان کے دالان اور صحن ہیں۔اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارتخانے میں منعقدہ تقریب میں ان دونوں مساجد کو پاکستانی عوام کے لیے تحفے کے طور پر حکومت کے سپرد کیا گیا ہے۔ تقریب میں پاکستان کے وفاقی وزیربرائے مذہبی امورڈاکٹر نورالحق قادری بھی شریک تھے۔اسلام آباد میں متعیّن سعودی سفیرسعید نواف المالکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مملکت نے ہمیشہ پاکستان کی ہرقسم کے حالات میں مددومعاونت کی ہے۔

یہ سلسلہ سعودی عرب کے بانی شاہ عبدالعزیز مرحوم کے دور سے جاری ہے۔ان کے بعد ان کے جانشین بیٹوں نے بھی پاکستان اوراس کے عوام کی ہرمشکل گھڑی اور ہر طرح کے حالات میں مددوحمایت میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ان کے ولی عہد ، وزیردفاع اور نائب وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دانش مندانہ قیادت میں سعودی عرب پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے اوراس کی معاونت میں گہری دلچسپی لے رہاہے۔

Exit mobile version