اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف نے مشترکہ اجلاس میں کہا ہے کہ بربادی کا نام تبدیلی، دھاندلی کانام ای وی ایم ہوگیا، اجلاس مؤخر کیا جائے۔
حکومت ای وی ایم ’ایول ویشز مشین‘ کے ذریعے اقتدار کو طول دینا چاہتی ہے۔ ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بربادی کا نام تبدیلی، دھاندلی کانام ای وی ایم ہوگیا ہے۔ ہماری استدعا ہے کہ آج کا مشترکہ اجلاس مؤخر کیا جائے۔انہوں نے کہا حکومت اور اتحادی اہم بلز کو بلڈوز کراناچاہتے ہیں۔ پہلے بھی عجلت میں مشتر کہ اجلاس بلا کر موخر کردیا گیا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت ووٹ پورے کرنے کیلئے وقت چاہتی تھی۔ حکومت اپوزیشن سے مشاورت نہیں چاہتی تھی۔انہوں نے کہا انتخابات سے پہلے ہی سب دھاندلی کا شور کر رہے ہیں۔ حکومت کو عوام سے ووٹ ملنا اب مشکل ہے۔سلیکٹیڈ حکومت اقتدار کو طول دینے کیلئے ای وی ایم کا سہارا لے رہی ہے۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت ای وی ایم شیطانی مشین سے اقتدار کو طول دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے آر ٹی ایس کو بھی روڈ ٹرانسپورٹ سسٹم کا نام دیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ ان کی نیت میں فتور ہے،یہ کالے قوانین پاس کرانا چاہتے ہیں۔ ہم یہ کالے قوانین پاس نہیں کرانے دیں گے۔ یہ اسپیکر اور ایوان میں بیٹھے تمام اراکین کا امتحان ہے۔قائدحزب اختلاف نے کہا کہ اگر یہ منظور ہوئے تو عوام کے ہاتھ اور ان کے گریبان ہوں گے۔ ان قوانین کا ایک ہی مقصد ہے کہ عوام کے پاس نہ جانا پڑے۔ ان کی خواہش ہے کہ ان کا اقتدار اور طویل ہوجائے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ملکی تاریخ میں اس سے زیادہ فاشسٹ حکومت کبھی نہیں آئی۔ اوورسیز پاکستانی ہمارے سروں کے تاج ہیں۔ اوورسیز پاکستانی سوتے وہاں ہیں لیکن ان کا دل ملک میں ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے حق میں ہیں۔ ہمیں حکومتی طریقہ کار پر اعتراض ہے۔لوگوں کو سبز باغ دکھانا ایسا ہے جیسے ڈیم فنڈ تھا۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کےحکومتی طریقہ کار پر اختلاف ہے ہم الیکشن چوری سے بچانا چاہتے ہیں۔ ڈسکہ کے انتخابات سب کے سامنے ہیں۔