ڈاکٹروں کو نقد رقوم ،تحائف اور سفری اخراجات دینے پر پابندی
ڈریپ نے دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے ڈاکٹروں کو تحائف اور نقد رقوم دینے سے روک دیا۔
ڈریپ نے دوا ساز کمپنیوں اور ڈاکٹروں کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔فارماسیوٹیکل کمپنیوں اور ڈاکٹرز سے متعلق ضابطہ اخلاق وفاقی کابینہ کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔نئے ضابطہ اخلاق کے مطابق دوا ساز کمپنیوں کو ڈاکٹروں کو نقد رقوم دینے سے روک دیا گیا ہے۔کمپنیوں کی جانب سے ڈاکٹروں کو ہر طرح کے تحائف دینے کی بھی ممانعت ہو گی۔ڈریپ کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹرز کو کمپنیوں کی جانب سے این او سی کے بغیر غیر ملکی سفر کے اخراجات نہ دیئے جائیں۔ دوا ساز کمپنیاں ڈاکٹرز کے اہل خانہ اور دیگر افراد کے سفری اخراجات برداشت نہیں کریں گے۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق کمپنیوں کو ڈاکٹروں کو تفریحی دوروں کے اخراجات، مہنگی رہائش کے لیے رقوم فراہم کرنے کی ممانعت ہو گی۔ڈاکٹروں کی تعلیمی اور سائنٹیفک کانفرنسز کے لیے غیر ضروری رقوم نہ فراہم کی جائیں ۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سائنٹیفک اور تعلیمی کانفرنسوں کے لیے فراہم کی گئی رقوم کا حساب رکھا جائے۔ تمام طبی تعلیمی کانفرنسز ملک کے اندر منعقد کی جائیں۔
طبی کانفرنسز کے دوران تفریحی پروگرام، بے تحاشا مہنگے کھانے نہ مہیا کیے جائیں۔ کمپنیوں کو ڈاکٹروں کے ذاتی تفریحی اور سفری اخراجات برداشت کرنے کی ممانعت ہوگی۔ڈریپ نے دوا ساز کمپنیوں کو نئے رولز پر عمل کے لیے سینئر افسران مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ کمپنیوں کو ڈاکٹروں اور طبی تنظیموں پر اخراجات کی تفصیل ڈریپ کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔