Site icon روزنامہ کشمیر لنک

‘آزادکشمیر ہائیکورٹ میں ججزتعیناتی ایک ہفتےکےاندر ہوجائےگی’

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر ہائیکورٹ میں خالصتاًمیرٹ کی بنیادپرایسے ججزلگائے جارہے ہیں جوبلاخوف وخطرلوگوں کوسستاانصاف فراہم کرسکیں۔ آئین کی بالادستی اورقانون کی حکمرانی کیلئے وکلاء نے ہمیشہ اہم کرداراداکیا ۔
یونین آف جرنلسٹس پونچھ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب کو متحد ہو کر تمام سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری کے سامنے جارحانہ انداز میں اُٹھانا ہو گا،صحافتی برادری بھی ہمارا ساتھ دے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو مسئلہ نہیں سمجھتا بلکہ وہ اسے اپنا اٹوٹ انگ کہتا ہے اس لئے ہمیں بھارت کے پیچھے پھرنے کے بجائے متحد ہو کر تمام مکاتب فکر کو اعتماد میں لے کر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر جارحانہ انداز میں اُجاگر کرنا ہو گا۔

بھارت جو کہ بین الاقوامی سطح پر پہلے ہی دفاعی پوزیشن پر ہے اور اُس نے حال ہی میں بھارتی کسانوں کے خلاف زرعی اصلاحات بل واپس لے لیا ہے اور ہمیں قوی امید ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370اور 35-Aکو بھی واپس لے گا۔ آزادکشمیر میں ہائی کورٹ کے ججز کی تعیناتی کا ایک ہفتے کے اندر فیصلہ کر لیا جائے گا۔

آزادکشمیرمیں خالصتاًمیرٹ کی بنیادپرایسے ججزلگائے جارہے ہیں جوبلاخوف وخطرلوگوں کوجلداورسستاانصاف فراہم کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ اورہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان سے اس حوالے سے مشاورت مکمل ہوچکی ہے ۔

آنیوالے چنددنوں میں دونوں چیف جسٹس صاحبان سے مشترکہ مشاورتی اجلاس ہوگا۔ جس کے بعدججزکی تعیناتی کی جائے گی۔ آزاد کشمیرمیں آئین کی بالادستی اورقانون کی حکمرانی کیلئے وکلاء نے بالخصوص راولاکوٹ بارنے ماضی میں اہم کرداراداکیاہے ۔

وکلاء کے چیمبرز بھی جلد بنوائے جائیں گے اور اُن کے دیگر مسائل بھی فوری طور پر حل کیے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولاکوٹ کی تقریب کی صدارت راجہ اعجاز احمد ایڈووکیٹ نے کی جبکہ اس موقع پر ممبر بار کونسل سردار افتخار ایڈووکیٹ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پربار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل عامر جمیل ایڈووکیٹ، سابق سپیکر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی سردار سیاب خالد، صدارتی مشیر سردار امتیاز خان ، سردار شازیب شبیراور دیگر بھی موجود تھے ۔

اس موقع پرڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر راجہ اعجاز احمد ایڈووکیٹ نے سپاسنامہ بھی پیش کیا۔ جبکہ یونین آف جرنلسٹس ضلع پونچھ کی تقریب حلف برداری کی صدارت نو منتخب صدر سردار نذر محمد خان نے کی جبکہ اس موقع پر تقریب سے نو منتخب صدر یونین آف جرنلسٹس ضلع پونچھ سردار نذر محمد خان، ممبر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم، صدارتی مشیر سردار امتیاز خان، سردار شازیب شبیر، غازی ملت پریس کلب کے صدر سردار راشد، سابق صدر عبدالرزاق اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر یونین آف جرنلسٹس ضلع پونچھ کے نومنتخب عہدیداران سے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حلف لیا۔ نو منتخب ہونے والے عہدیداران میں صدر سردار نذر محمد خان، سینئر نائب صدر سردار عابد شفاعت، نائب صدر طارق منہاس، سیکرٹری جنرل سردار عامر حنیف، ڈپٹی جنرل سیکرٹری قاضی جنت، سیکرٹری مالیات احسان الحق، سیکرٹری اطلاعات خرم ذوالفقار شامل تھے۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ تحریک آزادی کشمیر اس وقت ایک نازک موڑ میں داخل ہو چکی ہے۔

Exit mobile version