Site icon روزنامہ کشمیر لنک

ڈپٹی سپیکر ریاض گجر کے خلاف طاہر کھوکھر کی الیکشن پٹیشن کی سماعت آج ہو گی

بلدیاتی الیکشن

آزاد کشمیر کے سابق وزیر سیاحت اور حلقہ ایل اے 34 جموں ون سے امیدوار اسمبلی طاہر کھوکھر کی جانب سے پی ٹی آئی کے جیتنے والے امیدوار اور ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی ریاض گجر کے خلاف الیکشن ٹربیونل میں دائر پٹیشن کی سماعت آج ہو گی۔ الیکشن ٹربینول کے جج، جسٹس طارق جاوید سماعت کریں گے۔

طاہر کھوکھر نے اپنے مد مقابل جیتنے والے پی ٹی آئی کے امیدوار ریاض گجر کی کامیابی کو کالعدم قرار دینے کے لیے الیکشن ٹربیونل میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔ اپنی درخواست میں سابق وزیر اور پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار طاہر کھوکھر نے الزام عائد کیا ہے کہ تحریک انصاف کے امیدوار نے حلقے میں جعلی ووٹ درج کروا رکھے ہیں جن کی مدد سے اس نے الیکشن میں کامیابی حاصل کی۔ ان کے بقول حلقے میں رجسٹرڈ ووٹروں کی اکثریت کا کشمیر سے کوئی تعلق نہیں اور ان کے ڈومیسائل جعلی ہیں۔ طاہر کھوکھر کے مطابق ڈپٹی سپیکر اسمبلی ریاض گجر کا اپنا ڈومیسائل بھی مشکوک ہے جس کی تحقیقات کی ضرورت ہے۔

طاہر کھوکھر نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاض گجر نے بھاری رشوت کے عوض پی ٹی آئی کا ٹکٹ حاصل کیا اور جعلی ووٹوں کی مدد سے کامیابی حاصل کی۔ موصوف کی قابلیت کا اندازہ اس بات سے ہو سکتا ہے کہ ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے کے بعد آج تک وہ اسمبلی اجلاس کی صدارت نہیں کر سکے بلکہ ان کی جگہ ہمیشہ پینل آف چیئرمین اجلاس کی صدارت کرتا ہے۔

Exit mobile version