صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہم آزادکشمیر میں تمام سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں کیونکہ آزادکشمیر بے شمار قدرتی اور سنہری وسائل سے مالا مال ہے۔
میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے سرمایہ کاروں سے کہوں گا کہ وہ آزادکشمیر میں موجود پوٹینشلز سے فائدہ اُٹھائیں اور یہاں بلا حیل و حجت سرمایہ کاری کریں۔ ویسے بھی کھاریاں میرپور موٹر وے بننے سے ہمارے فاصلے مزید کم ہو جائیں گے۔
جب میں وزیر اعظم تھا تو میں نے اپنے دور حکومت میں میرپور انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام عمل میں لایا اور اسی طرح میں آپ لوگوں سے گزارش کروں گا کہ آپ آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے لئے آگے بڑھیں اور ہم آپ کو ہر طرح کی معاونت اور سہولیات فراہم کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں سیالکوٹ میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام ایک اجلاس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے صدر میاں عمران اکبر، سینئر نائب صدر زوہیب شیخ، نائب صدر قاسم ملک، سیکرٹری جنرل طارق، عامر مجید شیخ، شعیب امتیاز، احمد خان، ایم عباس اور دیگر بھی موجود تھے، جبکہ پی ٹی آئی سیالکوٹ کے مرکزی رہنماء عمر ڈار، مشیر حکومت چوہدری مقبول گجر، مشیر حکومت حافظ حامد رضا، ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری ریاض گجر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سینئر نائب صدر زوہیب شیخ نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے اغراض و مقاصد صنعتی و کاروباری سرگرمیوں اور یہاں پر برآمدات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر صدر ریاست کو چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام جاری اور تکمیل شدہ پراجیکٹس کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پرصدر ریاست کو آزادکشمیر میں جاری صنعتی منصوبہ جات پر ایک ڈاکیو منٹری بھی دکھائی گئی۔ اسی طرح آزادکشمیر میں بزنس سنٹر کے قیام کے حوالے سے بھی صدر آزادکشمیرکو بریف کیا گیا۔ اس موقع پر اجلاس میں صنعت کاروں، سرمایہ کاروں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔ اس موقع پر وزارت صنعت و حرفت کی جانب سے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو خصوصی بریفنگ بھی دی گئی۔