Site icon روزنامہ کشمیر لنک

پیپلزپارٹی آزادکشمیرکامہنگائی کیخلاف 10دسمبرکواحتجاج کااعلان

آزادکشمیر

پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر نے 10 دسمبر کو آزاد کشمیر بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا ۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کال پر صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر وممبر قانون ساز اسمبلی چودھری محمد یاسین نے تمام مرکزی ، اضلاع و تحصیل کی تنظیموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز و تحصیل ہیڈ کوارٹر پر بھرپور انداز میں پیٹرولیم مصنوعات سمیت ملکی تاریخ میں مہنگائی کی شدید ترین لہر کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں ۔

10 دسمبر کو آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے قبل صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر چوہدری یاسین اور لیڈر آف دی اپوزیشن چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں پاکستان پیپلزپارٹی کے ممبران اسمبلی چھتر چوک سے آزاد جمون وکشمیر قانون ساز اسمبلی تک مہنگائی کے خلاف احتجاجی مارچ کریں گے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا ہے ڈالر آسمان سے باتیں کر رہا ہے روپے کی قدر خطے میں سب سے کم ہو چکی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے عام آدمی مشکلات کا شکار ہے اشیائے ضروریہ میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے بے روزگاری کا طوفان برپا ہے غریب آدمی بچوں سمیت خود کشی پر مجبور ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ عوام عمران خان کی جانب سے کسی بھی چیز کا نوٹس لینے پر مزید خوفزدہ ہو جاتے ہیں۔

اگلے ہی روز نوٹس لیے جانے کی وجہ سے مذکورہ اضافہ ڈبل ہو جاتا ہے انہوں نے کہا کہ لوگوں کے منہ سے زرق کا نوالہ بھی چھین لیا گیا ہے۔ حالات خراب سے خراب تر ہوتے چلے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام 10 دسمبر کو مہنگائی کے خلاف احتجاج میں بھرپور انداز میں شرکت کریں اور حکمرانوں کی پالیسیوں کو مسترد کر دیں یہ حالات رہے تو ملک کی بقا خطرے میں پڑ جائے گی۔

Exit mobile version