Site icon روزنامہ کشمیر لنک

مسئلہ کشمیر پر دنیا کو اپنا دوہرا معیار ترک کرنا ہوگا

کشمیر

سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر اقوام عالم کی خاموشی افسوسناک ہے۔

اس سے امن عمل کو تقویت پہنچنے کے بجائے خطرات میں اضافہ ہی ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار قائد مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں میں ہندوستان کی فوج انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے،خود اقوام متحدہ کے حقوق انسانی کمیشن نے کئی رپورٹس میں اس صورتحال کی نشاندہی کی ہے۔.

اس کے باوجود ہندوستان کے خلاف کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے۔ مقبوضہ کشمیر میں گمنام قبریں،گم شدہ افراد کے روتے بلکتے لواحقین اور جیلوں میں سڑھتے ہوئے ہزاروں افراد اس درندگی کا کھلا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو اپنا دوہرا معیار ترک کرنا ہوگا۔ اسلام اقلیتوں سمیت معاشرے کے ہر طبقے کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ سردار عتیق احمد خان نے مزید کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کے ذریعے انسانی حقوق پامال کررہاہے،اس وقت انسانی حقوق پامال کرنے والے دنیا میں ہندوستان پہلے نمبر پر ہے۔

نریندر مودی ہٹلر ثانی کا روپ دھا کر دنیا کو خوفناک جنگ کی طرف دھکیل رہاہے۔ دوایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ محدود نہیں ہوگی،دنیا کے کروڑوں لوگ اس جنگ کی لپیٹ میں ہوں گے۔ عالم انسانی حقوق کی تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود مقبوضہ کشمیر جاکر ا نسانی حقوق کی پامالیوں کا مشاہدہ کریں اور عالمی ضمیر کو جو جھنجوڑیں۔ اس مہذب دنیا میں ہندوستان کشمیریوں کے ساتھ جانورں سے بھی بدترین سلوک روا رکھے ہوئے ہے۔

نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے،کوئی پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگست 2019ء کے ظالمانہ اقدام سے کشمیریوں کے مسلم تشخص کو ختم کرنے کی سازش کررہا ہے۔ عالمی برادری اپنی ذمہ داری پوری کر کے کشمیریوں کو ہندوستانی ظلم سے نجات دلاکر ان کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دلوانے کے لیے کردار ادا کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قرارداوں کے مطابق اپنے حق کے حصول کے لیے جائز جدوجہد کررہے ہیں،کشمیریوں کو حق دینے کا عندیہ خود ہندوستان کی قیادت اقوام متحدہ میں کرچکی ہے۔ اپنے عہد سے انحراف اور مقبوضہ کشمیر میں حق مانگنے کی پاداش میں جنگی جرائم کے ارتکاب پر عالمی برادری مداخلت کرے۔

Exit mobile version