Site icon روزنامہ کشمیر لنک

کرپشن کرنے والوں کو کسی صورت این آر او نہیں ملے گا

کرپشن

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مہنگائی صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ کرپشن کرنے والوں کو کسی صورت این آر او نہیں ملے گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے دورہ میانوالی کے دوران جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا اس کے باوجود پاکستان اب بھی دنیا کا سستا ترین ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مشکل صورتحال ہے تاہم 3 سے 4 ماہ میں مہنگائی ختم ہو گی۔ کم آمدنی والوں کو آٹا، گھی اور دالوں پر 30 فیصد سبسڈی دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ آزاد ہو کر بھی ہمیں غلامی کرنی پڑی اور ہم اپنے آزاد فیصلے نہیں کر سکتے تھے۔ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ پاکستان وہ ملک بنے گا جو کسی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔ اب آگے پاکستانی قوم کے مفاد میں فیصلے ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کرنے والوں کے ساتھ کسی صورت مفاہمت نہیں ہو گی اور کرپشن کرنے والے سن لیں انہیں این آر او نہیں ملے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کمزور خاندانوں کو سود کے بغیر 5 لاکھ روپے تک قرض دیں گے اور 20 لاکھ کمزور خاندانوں کے لیے بلاسود قرضے دے رہے ہیں۔ حکومت کے 5 سال پورے ہونے کے بعد میانوالی کی ترقی نظر آئے گی۔ جب میرے ساتھ کوئی نہیں تھا تو میانوالی کے کارکنوں نے ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قبائلی علاقے پیچھے رہ گئے اور ان قبائلی علاقوں کے لیے ماضی میں کچھ نہیں کیا گیا۔ اب ہم پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔ میانوالی میں نمل یونیورسٹی اقتدار کے بعد نہیں پہلے سے بن رہی ہے اور نمل یونیورسٹی کی تعمیر کے لیے میں نے پیسے اکھٹے کیے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میانوالی میں 5 سال کے دوران ریکارڈ ترقی ہو گی اور میانوالی کے لوگوں کی خدمت کر کے احسان کا بدلہ چکاؤں گا۔ وعدہ ہے پاکستان وہ ملک بنے گا جو کسی کے سامنے نہیں جھکے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپنا گھر بنانے کے لیے 27 لاکھ روپے بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا اور ہر خاندان کے پاس صحت کارڈ ہو گا جو 10 لاکھ روپے تک علاج کی سہولت دے گا۔ پہلی بار بڑی رقم نوجوانوں کی تعلیم اور اسکالر شپس پر خرچ ہو رہی ہے اور حکومت 62 لاکھ لوگوں کو اسکالر شپس دے گی۔

Exit mobile version