Site icon روزنامہ کشمیر لنک

ن لیگ آزادکشمیرمیں کوئی گروپ بندی نہیں: شاہدخاقان عباسی

ن لیگ

سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ن لیگ آزادکشمیرمیں کوئی گروپ بندی نہیں،تنظیم سازی مشاورت سے کرینگے۔

آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن متحد ومنظم ہے اس کے اندر کوئی گروپ بندی نہیں ہے چھوٹے موٹے اختلافات جمہوریت کا حسن ہوتے ہیں ۔ مسلم لیگ ن آئندہ تنظیم سازی کے بعد مزید طاقتور بن کر سامنے آئے گی۔ مسلم لیگ ن کو ختم یا کمزور کرنے والے جلد اپنے انجام تک پہنچ جائیں گے۔ مسلم لیگ کو آزاد کشمیر میں ایک سازش کے تحت دھاندلی کے ذریعے ہرایا گیا ہے ۔ آزاد کشمیر میں جلد تنظیم سازی مکمل کر لی جائے گی اور کارکنوں کی مشاورت کے ساتھ کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر مسلم لیگ ن کے سابق نامزد امیدوار حلقہ شرقی باغ چوہدری اعجاز احمد کھٹانہ اورسابق وفاقی وزیر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) سردارمحمدیوسف کی قیادت میں ملنے والے وفد سے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیراعظم پاکستان و سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے پاکستان میں مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے اور ہر چیز مہنگی ہونے سے غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں اور غریب والدین بچوں کے ساتھ خود کشیا ں کرنے پر مجبور ہیں عمران خان اور اس کی حکومت مکمل طور پر فیل ہو چکی ہے۔

یہ نالائقوں کا ٹولہ نیا پاکستان کا نعرہ لگا کر عوام سے ووٹ لیے جس کی وجہ سے آج عوام پرانے پاکستان کو یاد کرتے ہیں ہم اپنے قائد میاں نواز شریف کی پاکستان میں تعمیروترقی اور عوام کے لیے سستی اشیاء کے ویژن کو سلام پیش کرتے ہیں انشاء اللہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں جلد مسلم لیگ ن کی حکومت بنے گی اور میاں نواز شریف پاکستان میں آکر پاکستانی عوام کی سرپرستی کریں گے اب نالائق لوگوں کی پاکستان کی حکومت میں کوئی گنجائش نہیں ہے ۔

Exit mobile version