صدر پاکستان تحریک انصاف آذاد کشمیر و موسٹ سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ حکومت اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ آزادکشمیر کے عوام بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے پر یقین رکھتی ہے اسی لیئے ہم 30 برس بعد بلدیاتی الیکشن منعقد کرنے جا رہے ہیں۔ عوام کے مسائل کا حل ہمارا فرض ہے۔ لوگوں کو تقرریوں اور تبادلوں کے لئے سرکاری محکموں میں در بدر نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ایک روزہ دورہ حلقہ 5 پونچھ کے موقع پر پارٹی کارکنوں اورعوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔
صدر پی ٹی آئی کو حلقہ کے مسائل،تعمیر و ترقی کے منصوبہ جات اور پارٹی امور کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا ۔ سردار تنویر الیاس خان کا، ڈھلکوٹ پل، ٹائیں، کھڈ بازار، تھلہ ، جنڈاٹھی، پانیولہ،ہورنہ میرہ اور دیگر مقامات پر پر عوام علاقہ نے بھر پور استقبال کیا ۔ صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر و سنیئر موسٹ وزیر کاجگہ جگہ استقبال کیا گیا او رکارکنوں نے آتش بازی بھی کی،اس موقع پر حلقہ کی عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا ۔ اس موقع پر صدر پی ٹی آئی کے ہمراہ رہنما پی ٹی آئی سردار افتخار رشید، سردار امتیاز شاہین، ترجمان تنویرالیاس خان راجہ امتیاز طاہر، سردار احمدصغیرخان، سردارامجد سدوزئی سمیت دیگر موجود تھے۔
ٹائیں ڈھلکوٹ پہنچنے پر سردار تنویر الیاس خان کے اعزاز میں سردار لیاقت خان کی جانب سے استقبالیہ دیا گیا استقبالیہ میں سردار حفیظ، سردار شبیر، سید کبیر حسین شاہ ،سردار عمران سمیت مقامی کارکنان اور عوام علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی،بعد ازاں سردار تنویر الیاس خان نے کھڈ بازار میں سردار شبیر خان کی رہائش گاہ پر پہنچے جہاں پر سردار رشید،سردار نادر،سردار خلیل کے علاوہ درجنوں دیگر افراد نے ان سے ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا۔ جنڈاٹھی پہنچنے پر مولانا اسحاق،مفتی شاہد معاویہ،مولانا آفتاب کاشر،سردار نیاز اسحاق،سردار وارث چغتائی،جمیل صفدر،چوہدری عرفان،چوہدری آفتاب،سردار زبیر سمیت سیکڑوں افراد نے سردار تنویر الیاس خان کا استقبال کیا،سینئر موسٹ وزیر نے سردار فٹنس کلب کا افتتاح بھی کیا۔
اس موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل ہمارا فرض ہے۔ لوگوں کو تقرریوں اور تبادلوں کے لیئے سرکاری محکموں میں در بدر نہیں ہونے دیں گے۔ سب کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں گے،آذاد کشمیر کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی حکومت کو جو مینڈیٹ ملا ہے اس کی لاج رکھتے ہوئے تاریخ ساز ترقیاتی کام کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ پانچ میں گزشتہ دور حکومت میں واٹر سپلائی سکیم میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا حساب لیں گے۔ عوامی وسائل پر ڈاکہ مارنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
موسٹ سینئر وزیر نے عوام علاقہ کی شکایت پر یونین کونسل ٹائیں میں طویل لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری احکامات جاری کیئے اور کمیشنر پونچھ کو ہدایت کی کہ آئندہ ایک ہفتہ اندر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ پانچ کے لوگ بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں،ضلع کونسل،یونین کونسل ہا اور وارڈز کی سطح پر بلدیاتی نمائندوں کے انتخاب کی تیاری کریں۔