سردیوں کا موسم شروع ہوتے ہی دن چھوٹے ہو جاتے ہیں۔ چھٹی کے دن بچوں کو سب سے زیادہ یہ فکر لگی ہوتی ہے کہ وہ تفریح کے لیے کہاں جائیں۔ اگر آپ اسلام آباد میں رہتے ہیں تو آپ کو ایک ہفتہ قبل ہی ساری منصوبہ بندی مکمل کرنا ہوتی ہے۔
پاکستان کا خوبصورت دارالحکومت اسلام آباد اپنی خوبصورتی، پرامن ماحول اور اعلیٰ معیار زندگی کے لیے جانا جاتا ہے۔ اپنے نظاروں اور قدرتی حسن کی وجہ سے اس شہر کو دنیا کا دوسرا خوبصورت ترین دارالحکومت قرار دیا جاتا ہے۔
خصوصاً سردیوں میں خزاں کے موسم میں پت جھڑ، ٹھنڈی ہوائیں، برستی بارشیں اور گہرے سناٹے اسکی خوبصورتی میں مزید اضافے کا باعث بنتے ہے۔
ایسے میں اسلام آباد کے شہری موسم کا لطف اٹھانے کے لیےاسلام آباد کی حدود میں موجود بذیل خوبصورت جگہوں کا رخ کر سکتے ہیں۔
اسلام آباد کے قریب مری ہل اسٹیشن
اسلام آباد کے قریب ترین مری ہل اسٹیشن پہلا نام ہے جو سردیوں کی آمد پر اسلام آباد کے لوگوں کے ذہن میں آتا ہے۔
سرسبز پائن کے جنگلات اور زبردست پہاڑی چوٹیوں سے گھرا یہ دلکش پہاڑی علاقہ پورے موسم سرما میں اسلام آبادیوں کا ایک تفریح مقام بنا رہتا ہے۔ موسم سرما کے قدرتی نظاروں سے لطف اندوزہونے کے لیے مری ایک بہترین جگہ ہے۔
مونال پیرسوھاوا- اسلام آباد
مونال کا نام ایک طویل عرصے سے اسلام آباد کی پہچان بن گیا ہے۔ یہ پیر سوہاوہ کے دامن میں واقع ہے خوبصورت ریسٹورنٹ ہے۔ یہ جگہ شاید جڑواں شہروں میں بہترین کھانے پیش کرتی ہے۔ مونال تمام موسموں خصوصاً سردیوں اور بارشوں میں اسلام آباد کے لوگوں کے لیے سب سے پرکشش نظارہ ہے۔ مونال کی چوٹی سے آپ بارش اور گیلے سرسبز درختوں سے ڈھکے پورے شہر کا نظارہ کر سکتے ہیں جو اسے مزید حیران کن بنا دیتے ہیں۔ لہذا اگر آپ کچھ غیر معمولی خوبصورت قدرتی مناظر کے ساتھ ڈرائیو سے لطف اندوز ہونے کا ارادہ کر رہے ہیں تو آپ کو اس ریستوراں میں جانا چاہیے۔
ہائی لینڈ کنٹری کلب- اسلام آباد
یہ ایک بہترین جگہ ہے جس میں انڈور اور آؤٹ ڈور بیٹھنے کے انتظامات ہیں۔ ہائی لینڈ کنٹری کلب کا ماحول بہت ثقافتی اور دلکش ہے۔ اسلام آباد کے شہری سردیوں کی بارش میں اس جگہ کا خوبصورت نظارہ اور لطف اٹھا سکتے ہیں۔
شاہ اللہ دتہ غار- اسلام آباد
یہ اسلام آباد کے بہترین مقامات میں سے ایک ہے۔ شاہ اللہ دتہ غار، مارگلہ کے دامن میں واقع ایک تاریخی مقام کی یاد دلاتا ہے۔ غاروں کے قریب واقع گاؤں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ 700 سال پرانا ہے۔ جو کابل اور گندھارہ شہر کو ملانے والے راستے کے طور پر کام کرتا تھا۔ جہاں تک غاروں کا تعلق ہے، مورخین کا دعویٰ ہے کہ یہ غار تقریباً 2400 سال پرانے ہیں۔
اگر آپ اسلام آباد میں سردیوں میں غروب آفتاب سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو اس جگہ کوضرورآزمائیں۔
فی الحال، غاروں کو ایک اچھی آرام دہ جگہ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ یہاں لوگ آتے ہیں۔ پکوڑے کھاتے ہیں۔ چائے پیتے ہیں اور سکون بخش موسیقی سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
روز اینڈ جیسمین گارڈن- اسلام آباد
شکرپڑیاں کے قریب واقع یہ خوبصورت پھولوں کا باغ اسلام آباد کے مشہور باغات میں سے ایک ہے۔
روز اینڈ جیسمین پارک اپنے متعدد قسم کے پھولوں کے مجموعے کے لیے مشہور ہے۔
یہ پارک دیکھنے والی آنکھ کو رنگین اور خوبصورت قدرتی نظارہ پیش کرتا ہے۔
شاندار قدرتی پھولوں اور درختوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ٹریک پر چلنا اس جگہ کو شاندار بنا دیتا ہے۔
اسلام آباد کے مقامی لوگ کھلے اور پرسکون باغ میں دوستوں اور عزیز و اقارب کے ساتھ موسم سرما سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
سیدہ ماہ نور نمل یونیورسٹی میں ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں۔ وہ سماجی مسائل پر رپورٹنگ اور میزبانی میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
ان دنوں وہ کشمیر لنک کے ساتھ انٹرن رپورٹر کے طور پر منسلک ہیں
@mahnoor_alishah