Site icon روزنامہ کشمیر لنک

آزاد کشمیرحکومت بلدیاتی انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہے

آزاد کشمیر

وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیرحکومت بلدیاتی انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق بعد آزادکشمیر میں بلدیاتی الیکشن کر وا کر اقتدار کو نچلی سطح تک منتقل کرنے جارہی ہے۔

بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ہمارے منشور میں شامل تھا جسے عملی جامہ پہناکر تیس سالہ جمود توڑنے جارہے ہیں ۔ جو کام گزشتہ تین دہائیوں سے حکومتیں نہ کر سکیں وہ کام تحریک انصاف کی حکومت کرنے جارہی ہے ۔ بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے حوالہ سے سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ دیا ہے جس پر سپریم کورٹ کے شکرگزار ہیں ۔

حکومت بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے پوری طرح تیار ہے ۔ گزشتہ حکومتیں بلدیاتی الیکشن کو اپنے لیے خطرہ سمجھتی تھیں اس لیے وہ اس سے بھاگتی رہیں ۔ ہم نے چیلنج قبول کیا اور اللہ کے فضل وکرم سے اس میں سرخرو ہونے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ایوان وزیراعظم مظفرآباد میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ۔

اس موقع پر وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد ، وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری محمد رشید، وزیر مواصلات چوہدری اظہر صادق، وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی ، وزیرہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک ، معاون خصوصی برائے امور دینیہ و اوقاف حافظ حامد رضا ، ممبر اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی ، سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد اور ڈائریکٹرجنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال بھی موجود تھے ۔

وزیراعظم آزادجموں وکشمیر نے کہاکہ وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد جب وزیراعظم پاکستان عمران خان سے پہلی ملاقات ہوئی توبلدیاتی الیکشن کے حوالہ سے ان سے بات کی جس کی انہوں نے بھرپور تائید کی ۔ بھرپور حمایت اور تائید پر وزیراعظم پاکستان عمرا ن خان کا شکرگزار ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں اپنی کابینہ کو بھی مبارکباد دیتاہوں ، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کا بھی شکرگزار ہوں۔

بلدیاتی الیکشن کے انعقا د کے حوالہ سے مختصر عرصہ میں ہمارے پانچ اجلاس ہوئے ۔ اس میں بہت سارے قانونی پہلو بھی تھے، ہم نے مسودہ بنا کر کورٹ میں پیش کیا جسے سپریم کورٹ نے بہتر ین دستاویز قراردیا ۔ بلدیاتی الیکشن کے حوالہ سے وزیر بلدیات ، چیف سیکرٹری ،سیکرٹری قانون ، سیکرٹری بلدیات اور میرے پرنسپل سیکرٹری کابہترین کردار ہے ۔

بلدیاتی الیکشن کے انعقاد سے ہمارے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی اور فنڈز گراس لیول تک جائے گاجس سے تعمیر وترقی کا سفر بہتر انداز میں آگے بڑھے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات سے ہمارا تعمیر وترقی کا سفر نہیں رکنا چاہیے۔ عموماً جب انتخابات ہوتے ہیں تو تعمیر وترقی رک جاتی ہے ۔

Exit mobile version