Site icon روزنامہ کشمیر لنک

حکومت کاتعلیمی اداروں میں انفراسٹرکچر اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

تعلیم

حکومت کاتعلیمی اداروں میں انفراسٹرکچر اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ۔
وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر تعلیم ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن دیوان علی خان چغتائی ، وزیر ہائیر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال ، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان ،سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈاکٹر لیاقت حسین چوہدری ، سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خواجہ احسن ، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان و دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں میں انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے ، معیار تعلیم کو بلند کرنے اور دیگر معاملات کو یکسو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق تعلیمی نظا م کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جامع پلان مرتب کیاجائے ۔ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے ۔ اس لیے تعلیمی نظام میں اصلاحات ناگزیر ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ عصر حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے معیار تعلیم کو اپ گریڈ کرنا ہو گا ۔ اجلاس میں وزیر تعلیم نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ایجوکیشن پالیسی تیار ہے جس کو کابینہ میں پیش کیا جائے گا جس پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس پالیسی کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ شعبہ تعلیم میں بہتری آئے ۔

Exit mobile version