Site icon روزنامہ کشمیر لنک

مسجد اور یہودی عبادت گاہ پر حملہ کرنے والے نوجوان کو عمر قید

مسجد

امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے کہا ہے کہ کیلیفورنیا کے ایک شخص کو سنہ 2019 میں ایک یہودی عبادت گاہ اور مسجد پر حملہ کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

حملے کے بعد پولیس کا کہنا تھا کہ جان ارنسٹ نامی شخص نے عبادت گاہ میں مزید لوگوں کو مارنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن اس کی خودکار رائفل جام ہو گئی تھی۔ واضح رہے کہ جان ارنسٹ نے 27 اپریل 2019 کو پووے میں یہودیوں کی عبادت گاہ میں داخل ہو کر فائرنگ شروع کر دی تھی اور پولیس کے پہنچنے سے قبل ایک خاتون کو ہلاک اور تین افراد کو زخمی کیا تھا۔

جان ارنسٹ نے اس واقعے سے ایک ماہ قبل 24 مارچ 2019 کو کیلیفورنیا کے علاقے اسکونڈیڈو میں دارالارقم نامی مسجد کو آگے لگانے کا اعتراف بھی کیا۔ اٹارنی جنرل کا یہ بھی کہنا ہے کہ جان ارنسٹ نے دونوں کارروائیاں مسلمانوں سے نفرت اور عمارات کے مذہبی کردار کے باعث کیں۔
گارلینڈ کا یہ بھی کہنا تھا جب مسجد کو آگ لگائی گئی اس وقت وہاں سات افراد سو رہے تھے تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔

ارنسٹ کو 113 جرائم کا مرتکب ٹھہرایا گیا ہے جن میں سے 54 نفرت انگیزی، 55 آگ لگانے اور چار آتشیں اسلحے سے حملے شامل ہیں۔ امریکی اٹارنی گارلینڈ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اس ملک کے تمام لوگوں کو بغیر کسی حملے کے خوف کے آزادانہ طور پر اپنے مذہب کے تحت زندگی گزارنے کے قابل ہونا چاہیے۔‘

ان کے مطابق ’یہ بھیانک جرم ہماری قوم کے بنیادی اصولوں پر حملہ تھا۔ محکمہ انصاف نفرت انگیزی کی کارروائیوں کا مقابلہ کرنے اور نفرت پر مبنی تشدد کے مرتکب افراد کو جواب دہ ٹھہرانے کے پرعزم ہے۔‘ اسی طرح اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کرسٹن کلارک نے بھی کہا ہے کہ’ہمارے معاشرے میں نفرت کی کوئی جگہ نہیں اور تعصب پر مبنی تشدد کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’یہودیوں اور مسلمانوں کے خلاف تشدد کے ان گھناؤنے جرائم سے امریکہ کے اس بنیادی تصور خلاف ورزی کی گئی کہ تمام لوگ برابر ہیں۔‘عدالتی دستاویزات کے مطابق، کئی ہفتوں کی منصوبہ بندی کے بعد 27 اپریل 2019 کی صبح ارنسٹ سان ڈیاگو کے قریب پووے عبادت گاہ پہنچا تھا، جہاں لوگ عبادت کے لیے جمع تھے۔

حملے کے بعد ارنسٹ وہاں سے گاڑی میں فرار ہو گیا اور کچھ دیر بعد 911 پر کال کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس نے ایک عبادت گاہ کو نشانہ بنایا ہے، جس کے بعد اس کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفتیش کے دوران ارنسٹ کے پاس سے تحریری منشور بھی ملا جو اس نے حملے سے کچھ دیر قبل انٹرنیٹ پر پوسٹ کیا تھا، جس میں مسلم مخالف اور یہودیوں کو قتل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا۔

Exit mobile version