برفباری

بارش، برفباری اور یخ بستہ ہوائیں: ملک بھر میں کڑاکے کی سردی

ملک بھر میں بارشوں اور برفباری کے سلسلے نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔

ملک کے شمالی علاقہ جات میں پہاڑوں کو برف نے ڈھک لیا۔ گلگت، ہنزہ، شِگر، کالام ، وادی لیپہ میں ہر طرف برف ہی برف ہے۔ کالام میں آسمان سے گرتی برف سے پہاڑ برف میں چھپ گئے۔ وادی لیپہ میں آسمان سے گرتے برف کے موتیوں نے مناظر کو مزید حسین بنا دیا۔

مظفرآباد ، مالم جبہ ، شگر میں برفباری سے موسم دلفریب ہوگیا، زیارت میں بھی برفباری نے سماں باندھ دیا۔ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا۔ ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد نے بالائی علاقہ جات کا رخ کر لیا ہے۔

ملکہ کوہسار مری میں بھی برف باری نے رنگ جمادیا۔ موتیوں کی مانند گرتی برف کو دیکھ کر سیاحوں کی چاندی ہو گئی ۔موسم کا احوال بتانے والوں نے آئندہ تین سے چار دن برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے،،نتھیاگلی سمیت گلیات میں بھی برف کے گالے گر پڑے۔

ملک بھر کے بیشتر شہروں میں بارش برسنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گوادر اور گردونواح میں کئی گھنٹوں سے مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں ۔ شہر کی سڑکیں اور گلیاں سیلاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔ مختلف علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔

پسنی میں بھی تیز بارش کے بعد ضلع بھر کی بجلی بند ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی کا موسم بھی ابر آلود ہے ۔محکمہ موسمیات نے شہر میں بادل برسنے کی پیش گوئی کی ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی گزشتہ رات سے بادل برسنے کا سلسلہ جاری ہے۔ راولپنڈی کے بیشر علاقوں میں گلیاں ، سڑکیں پانی ڈوب گئی ہیں ۔ جڑواں شہروں میں بادل اور ٹھنڈی ہواوں کے راج سے جاڑے کی شدت بھی بڑھ گئی ۔

ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، چارسدہ سمیت خیبرپختون خوا کے بیشتر علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور،اٹک، چکوال، جہلم، بہاولنگر سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چار روز تک بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں