Site icon روزنامہ کشمیر لنک

پونچھ ڈویژن میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا

پونچھ

پونچھ ڈویژن کے صدر مقام راولاکوٹ سمیت ضلع باغ، حویلی اور سدہنوتی میں بھی گزشتہ رات سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

وقفے وقفے سے ہونے والی بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے راولاکوٹ کے بالائی مقامات تولی پیر، بنجوسہ، سنگولہ، حسین کوٹ، ٹوپہ کھیریاں، داتوٹ، کوٹ متے خان سرد ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کم ہونے کی وجہ سے ان علاقوں میں برفباری ہو رہی ہے۔

بالائی علاقوں میں ہونے والی برفباری سے نظام زندگی بھی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، شاہرات پرپھسلن حادثات اور ٹریفک معطلی کا بھی موجب بن رہی ہے، شہری علاقوں میں بھی ہلکی برفباری اور بارش کا ملا جلا سلسلہ جاری ہے۔

لسڈنہ کے مقام پر ہونے والی برفباری کے باعث ضلع باغ اور ضلع حویلی کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے جسے بحال کرنے کے لئے محکمہ شاہرات کا عملہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، راولاکوٹ باغ اور سدھنوتی کا مظفرآباد اور راولپنڈی اسلام آباد سے تاوقت رابطہ بحال ہے۔

اسی طرح تحصیل عباسپور، ہجیرہ اور تھوراڑ میں بھی بارش اور بارفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ان علاقوں میں ایل پی جی سلنڈرز اور بالن کی مانگ بھی بڑھ گئی ہے۔

Exit mobile version