لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کروڑوں سے شروع ہونے والا فراڈ اربوں تک جائے گا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ بارش کا پہلا قطرہ ہے اور تصدیق ہو گئی کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے فنڈز حاصل کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے فنڈز کو کم دکھایا اور درجنوں بینک اکاؤنٹس چھپائے اور اب مصروف عمران خان کے کارنامے قوم کے سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
حمزہ شبہاز نے کہا کہ دوسروں پر الزامات لگانے والوں کے خلاف مستند رپورٹ چوری اور مشتبہ فنڈنگ کی نشاندہی کرتی ہے جبکہ اس ہیر پھیر کی تہہ تک پہنچنا اشد ضروری ہے اور قوم کے سامنے حقائق آنے چاہیئیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ فراڈ کروڑوں سے شروع ہوا ہے اور اربوں روپے تک جائے گا اور اب تبدیلی کا اصل چہرہ سامنے آنے پر لوگوں کے ہوش اڑ جائیں گے۔