Site icon روزنامہ کشمیر لنک

شہریوں کی اموات انتظامی نااہلی کادردناک واقعہ ہے: شہباز شریف

شہریوں

لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہریوں کی اموات انتظامی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا دردناک واقعہ ہے۔ عمران خان میں مجرمانہ غفلت کے ذمہ داروں کو برخاست کرنے کی جرات نہیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مری اور گلیات میں پھنسی گاڑیوں میں اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی اموات انتظامی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا دردناک واقعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی صلاحیت کا یہ عالم ہے کہ ٹریفک انتظامات کرنے کے بھی قابل نہیں، قیامت خیز سردی میں پھنسے شہریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کی کوشش کیوں نہیں کی گئی؟

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ایک ہزار گاڑیوں کے انتظام کی صلاحیت نہیں رکھتی تو اس کے اقتدار میں رہنے کا کیا جواز ہے؟ جو حکومت رش میں پھنسے شہریوں کو نہیں بچاسکتی وہ مہنگائی سے عوام کو کیسے نکال سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی میں مجرمانہ غفلت کے ذمہ داروں کو برخاست کرنے کی جرات نہیں ہے۔ اس خون ناحق پر کس کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے؟ عوام کے خون پر حکومتی مجرمانہ خاموشی بدتر ازگناہ کے مترادف ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ یہ وفات نہیں شہریوں کے قتل عمد کے مترادف ہے اور سیاحت میں اضافے کا حکومتی پراپیگنڈا سفاکی اور سنگ دلی کی انتہا ہے۔ مغرب کی مثالیں دینے والوں نے تو مشرقی روایات کی بھی لاج نہیں رکھی۔

انہوں نے کہا کہ میں متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتا ہوں۔

Exit mobile version