اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت میں موٹروے پولیس کے ڈی آئی جی وصال فخر سلطان کے گھر سے 30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات چوری کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں موٹروے پولیس کے ڈی آئی جی وصال فخر سلطان کے گھر چوری کی واردات ہوئی ، واردات میں گھریلو ملازم صابر علی 28 تولے سونا چوری کر کے فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چوری کئے گئے زیورات کی قیمت 30 لاکھ روپے ہے، پوچھ گچھ پر ملازم نے چوری کا اعتراف اور زیورات واپسی کا وعدہ کیا تاہم زیورات واپس کرنے کی بجائے ملزم فرار ہو گیا۔
اسلام آباد کوہسار پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے اور اس شخص کا سراغ لگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس سے قبل گلستان جوہر پولیس کے اہلکاروں نے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پر چھاپہ مارا تھا ، جہاں انہوں نے کراچی میں ایس آئی یو پولیس اہلکاروں کے قبضے سے 65 تولہ مسروقہ سونا اور نقدی برآمد کی تھی۔
گلستان جوہر پولیس نے ایس آئی یو کے 6 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا تھا ، گرفتار پولیس اہلکاروں میں ایک سب انسپکٹر (ایس آئی)، دو اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) اور تین اہلکار شامل تھے۔