امریکہ میں برفانی طوفان نے نظام زندگی درہم برہم کردیا، محکمہ موسمیات نے مزید برفباری کی پیش گوئی کردی۔
عالمی میڈیا کے مطابق دارالحکومت واشنگٹن، ریاست جارجیا، پنسلوانیا، ورجینیا، جنوبی کیرولائنا سمیت متعدد ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے، طوفان کے باعث 42 سو سے زائد پروازیں منسوخ اور تعطل کا شکار ہوگئیں، جبکہ جارجیا سے نیویارک تک ایک لاکھ اسی ہزار سے زائد افراد کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔
فلائٹ ویئر ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق شمالی کیرولائنا کے شارلٹ ڈگلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 1200 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں ہیں۔ جبکہ ہائی وے پٹرول کا کہنا ہے کہ 300 سے زائد حادثات ہوئے اور سروسز کے لیے 800 سے زیادہ کالیں موصول ہوئیں۔
اٹلانٹا میں چار سالوں بعد پہلی برف باری ریکارڈ کی گئی ہے، حکام کے مطابق ایمرجنسی کے ادارے کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں جب کہ مرکزی شاہراہوں سے برف ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔