لنگرپورہ

لنگرپورہ میں پولیس کا فوری ایکشن قابل تعریف ہے’: فاروق حیدر

سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے لنگرپورہ میں سیاحوں کو لوٹنے والوں کی فوری گرفتاری اور تاجر ڈکیتی کیس کو فوری طور پرحل کرتے ہوے ملزمان کی گرفتاری پر انسپکٹر جنرل پولیس سہیل حبیب تاجک ایس ایس پی مظفرآباد اور بالخصوص اسٹیشن ہاوس آفیسر تھانہ پولیس راشدحبیب مسعودی کو مبارکباد دیتے ہوے اس عزم کااظہار کیا ہے کہ آزادکشمیر کا مثبت امیج کو تباہ کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی۔

آزادکشمیر پرامن اور سیاح دوست علاقہ ہے یہاں کے لوگ حد درجہ مہمان نواز اور انسانیت کا احترام کرنے والے ہیں ان دو واقعات نے ہمارے مثبت چہرے کو داغدار کرنے کی کوشش کی جسے ناکام بنانے پر پولیس اور اس کی مدد کرنے والے تمام مقامی افراد کو بھی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

راجہ فاروق حیدر خان نے مرکزی دفتر پولیس میں جاکر انسپکٹر جنرل پولیس سہیل حبیب تاجک کو ملزمان کی گرفتاری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس نے آزادکشمیر میں امن و امان فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے میں نمایاں کردار ادا کیا اس کے ساتھ ساتھ ان عناصر کا سختی سے قلع قمع کیا جو ہمارے مثبت امیج کو متاثر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کے جوانوں کی بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیتیں کسی بھی دیگر علاقے سے کم نہیں۔ دریں اثناء راجہ محمد فاروق حیدر خان نے سٹی پولیس اسٹیشن کا بھی دورہ کیا اور لنگرپورہ میں سیاحوں کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے افراد کی فوری گرفتاری اور تاجر سے رقم لیکر گولیاں مار کر فرار ہونے والے ملزمان کے گروہ کو گرفتار کرنے پر اسٹیشن ہاوس آفیسر اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ جیسے افسران نا صرف محکمہ بلکہ ریاست کا چہرہ ہیں جو برائیوں کے خلاف بلاتفریق کام کرتے ہیں ہم اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کرینگے کسی جرائم پیشہ شخض کی کسی صورت حمایت نہیں کی جاسکتی

اپنا تبصرہ بھیجیں