پریس کلب

سرینگرپریس کلب پر بھارتی قبضہ قابل مذمت ہے: سردار عتیق

آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کشمیر پریس کلب میر پور کے نو منتخب صدر ،ظفر مغل،سینئر نائب صدر ممتاز علی خاکسار، نائب صدر راشد بشیرچوہدری، جنرل سیکرٹری خلیل چوہان ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری غضنفر چوہدری،سیکرٹری مالیات زائد بشیر، سیکرٹری اطلاعات عمر تقویم الحسن جرال، منتخب ہونے پر تمام عہدیداراوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام عہدیدار قلم کے ذریعے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کی بھرپور کوشش کریں تاکہ عام آدمی کے مسائل حکومت کے سامنے آسکیں۔

مبارکباد کے پیغام میں انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور صحافی اپنی خبر اور رپورٹ کے ذریعے معاشرے کی اصلاح بھی کرسکتا ہے اور بگاڑ بھی پیدا کرسکتا ہے۔ قلم کو انسانیت کی ضرورت کیلئے وقف کیا جاناضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری صحافت شدید مشکلات کا شکار ہے۔

ہندوستانی حکمرانوں نے اہل کشمیر سے آزادی چھین رکھی ہے۔ ایسے میں آزادکشمیر کے صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو بھی دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہیے تاکہ ہندوستان کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر آزادی سے ہمکنار ہوگا اور بھارت اہل کشمیر کا مطالبہ تسلیم کرنے پر مجبور ہوگا۔

انہوں نے مذید کہا کہ ہندوستان کشمیریوں کی آواز کو دبانے کیلئے سری نگر پریس کلب پر قبضہ کر کے دنیا تک مظلوم کشمیریوں کی آواز پہنچانے کو روکتا ہے۔ اقوام متحدہ او آئی سی اور یورپی یونین ،انسانی حقوق کی تنظٰمیں ہندوستان کی ریاستی دہشتگردی کو رکوانے کیلئے کردار ادا کرے، صحافیوں کو سچ لکھنے بولنے پر اغواہ کیا جا رہا ہے۔

اخبارات پر پابندی عائد کر رکھی ہے،ہندوستان کشمیریوںکو دنیا کے مکمل کاٹ کر رکھنا چاہتا ہے۔ کسی بڑے انسانی المیہ سے رونماء ہونے سے قبل دنیا اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرے ۔ دریں اثنا قائد مسلم کانفرنس سے سید شاہ حسین ،سید شاہد شاہ،سردار موسیٰ خان،سکندر عباسی اور سرفراز عباسی نے ملاقاتیں کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں