Site icon روزنامہ کشمیر لنک

وعدہ پورا کرنے پر فاروق حیدر بلاول بھٹو کے شکر گزار

وعدہ پورا کرنے پر فاروق حیدر بلاول بھٹو کے شکر گزار۔ سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر و سابق صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کی کامیابی کے مثبت اثرات نہ صرف آزادکشمیر بلکہ پاکستان میں بھی جلد محسوس ہونگے۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے وعدہ پورا کیا جس پر بلاول بھٹو زرداری، چوہدری محمد یاسین، چوہدری لطیف اکبر اور تمام عہدیداران اور ووٹ دینے والے اراکین کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے نومنتخب ممبر کشمیر کونسل ملک حنیف کو مبارک باد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ جماعت کی کشمیر کونسل میں بھرپور نمائندگی کرینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن اتحاد کی کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کیا۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر اپوزیشن متحدہے، اپوزیشن اتحاد کے ریاستی سیاست کے مستقبل پر گہرے اثرات مرتب ہونگے۔

حکومتی بنچز میں اضطراب ہے پیپلز پارٹی نے دوراندیشی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو تباہ حال کردیا مہنگائی اور غربت کے ستائے عوام عمران خان سے نجات کے لیے دن رات دعائیں مانگ رہے ہیں مسلم لیگ ن نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا جو سفر قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی قیادت میں جہاں سے چھوڑا تھا وہیں سے واپس شروع کرنے جارہی ہے عمران خان کے بیانات اور ٹویٹس غیر سنجیدہ اور ملکی و بین الاقوامی معاملات سے عدم واقفیت کا مظہر ہیں جس سے پاکستان کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہوتی ہے۔

Exit mobile version