کونسل الیکشن میں سرپرائز

کارکنوں سے کونسل الیکشن میں سرپرائز دینے کاوعدہ پورہ کر دیا

پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر و موسٹ سینئر وزیر سردارتنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ہم نے کارکنوں سے کونسل الیکشن میں سرپرائز دینے کا وعدہ پورہ کر دیا۔

اب بلدیاتی انتخابات میں بھی سرپرائز دیں گے۔ سردار سیاب خالد کا ممبرآزادجموںو کشمیر کونسل منتخب ہونا عمران خان کے ویژن اور نظرئیے کی کامیابی ہے۔ سردار سیاب خالد کا ممبر کشمیر کونسل منتخب ہونے کا کریڈٹ صدر ریاست بیرسڑسلطان محمود چوہدری،وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی ، سپیکرقانون ساز اسمبلی چوہدری انوارالحق سمیت پی ٹی آئی کے تمام کارکنوں کو جاتا ہے۔

چاہتے تو دوسری سیٹ بھی لے سکتے ہیں لیکن ہم نے جمہوری روایات کی پاسداری کی۔ پی ٹی آئی پارلیمانی سیاست میں اپوزیشن کو اہمیت دینے پر یقین رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادجموں کشمیر کونسل کے الیکشن میںپی ٹی آئی رہنما سردار سیاب خالد کے ممبر کشمیر کونسل منتخب ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہم نے سردار سیاب خالد کی صورت میں ایک سنیئر پارلیمنٹرین اور باوقار شخصیت کو کونسل کا ممبر منتخب کروا دیا ہے یہ کارکنوں کی محنت کا ہماری طرف سے اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردار سیاب خالد کا ممبر کشمیر کونسل منتخب ہونے کا کریڈٹ صدر ریاست بیرسڑسلطان محمود چوہدری،وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی ، سپیکرقانون ساز اسمبلی چوہدری انوارالحق سمیت پی ٹی آئی کے تمام کارکنوں کو جاتا ہے۔

سردارسیاب خالدسنیئر پارلیمنٹرین اور آزادکشمیر کی قدآور سیاسی شخصیت ہیں عمران خان کے باغ جلسہ میں پی ٹی آئی کی شمولیت کے موقع پر ان کے ساتھ ہماری کمنٹمنٹ تھی اور ہم نے انہیں کشمیر کونسل کا ٹکٹ دینے کا وعدہ کیا تھا۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہم اس پرمسرت موقع پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور پی ٹی آئی کے جملہ کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انشاء اللہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کا خواب بھی پورا ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما اصغر قریشی کی پاکستان اور آزادکشمیر کی عوام سمیت پارٹی کے لئے بڑی خدمات ہیں۔ انہوں نے قیادت کا مان رکھا ہے۔ اصغرقریشی آنے والے دنوں میں آزادکشمیر حکومت کا حصہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ صدرریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پی ٹی آئی حکومت کے سربراہ ہیں ۔کونسل الیکشن سے پہلے ممبران اسمبلی نے اپنا اپنا موقف پارٹی کے سامنے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کے انتخابات میں ممبران اسمبلی نے اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کیا ہے۔

تحریک انصاف ریاست کا ماضی حال اور مستقبل ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکن کشمیر کونسل کی فتح کے جشن کو آگے بڑھائیں اور بلدیاتی نتخابات کی تیاریاں تیز کر دیں۔ قبل ازیں مظفرآباد میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدر پی ٹی آئی سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کے سپاہی ہیں۔ عام انتخابات میں عوام سے جو وعدے کیئے ہیں وہ پورے کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں