لاہور پریس کلب کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مقامی صحافی جاں بحق ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ اس وقت کی گئی جب ٹی وی چینل سے وابستہ صحافی اپنی گاڑی پارک کر رہا تھا۔
موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے صحافی کی شناخت حسنین شاہ کے نام سے ہوئی ہے جو کیپیٹل ٹی وی میں بحیثیت رپورٹر فرائض منصبی انجام دے رہے تھے۔
علاقہ پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے موٹرسائیکل سوار موقع سے فرار ہو گئے ہیں لیکن ملزمان کی تلاش کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی جا رہی ہے۔ لاہور پریس کلب کے باہر فائرنگ ہونے کے فوری بعد پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی تھی اوراس نے ثبوت و شواہد اکھٹے کرنے شروع کردیے تھے۔ پولیس نے جائے وقوع کے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی بھی کردی تھی۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا جا رہا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر اس ضمن میں خصوصی تفتیشی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
“لاہور پریس کلب کے باہر فائرنگ:کیپیٹل ٹی وی کارپورٹر جاں بحق” ایک تبصرہ