راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمن قوتوں کی طرف سے خلل ڈالنے والی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کیچ اور تربت کا دورہ کیا اور پورا دن جوانوں کے ساتھ گزارا۔ آرمی چیف کو ہیڈ کوارٹرز ایف سی بلوچستان جنوبی میں بریفنگ بھی دی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاک ایران باڑ لگانے سمیت سیکیورٹی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے استقبال کیا جبکہ آرمی چیف نے ایف سی کی خواتین اہلکاروں سے بھی ملاقات کی۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور صوبے کی ترقی اور خوشحالی کا مطلب ملک کی ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ساتھ امن اور استحکام کے لیے تعاون کرتے رہیں گے اور دشمن قوتوں کی طرف سے خلل ڈالنے والی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔