آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے نیلم ویلی کیمپس کو ایچ ای سی کی طرف سے باقاعدہ منظوری اور اس کی شناخت کو تسلیم کرتے ہوئے باضابطہ این او سی جاری کر دیا گیا ہے۔
ایچ ای سی کی طرف سے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی نے 6نومبر2021کو اس کیمپس کا وزٹ کیا۔ وزٹ کے دوران یونیورسٹی کی طرف سے بھی انتظامی ٹیم نے وفد کے ساتھ کیمپس معائنہ میں شامل ہوئے۔ ایچ ای سی ٹیم نے کیمپس میں جاری پروگرامز، کوالٹی ایجوکیشن، بلڈنگز، فیکلٹی، طلبا/ طالبات اور کیمپس کے لیے لی گئی زمین کا وزٹ کیا۔
اس سلسلہ میں ایچ ای سی نے مورخہ 31جنوری 2022ء کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے کیمپس میں جاری پروگرامز اور کیمپس کو مجموعی طور پر جاری رکھے جانے کا این او سی جاری کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ نیلم کیمپس کا آغاز سال 2013ء میں ہوا تھا مگر بعض انتظامی مشکلات اور کیمپس کی جملہ ضروریات پوری نہ ہونے ی وجہ سے اسکا این او سی جاری نہ ہو سکا تھا۔
یونیورسٹی کی موجودہ انتظامیہ نے کیمپس کی جملہ ضروریات اور این او سی کے حصول کیلئے ایچ ای سی کی طرف سے شرائط کو سامنے رکھتے ہوئے کیمپس کیلئے درکار زمین قریبا 2سو کنال حاصل کی۔ اس کے علاوہ فیکلٹی کی کمی،لائبریری،لیب اور دوسرے ضروری امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جس کے نتیجہ میں یہ این او سی جاری ہوا ہے۔ وائس چانسلرجامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے این اوسی جاری ہونے پر نیلم کیمپس کے ڈائر یکٹر،فیکلٹی سٹاف اور طلبا/ طالبات کو مبارکباد پیش کی اور جملہ سٹاف /اساتذ ہ کا این او سی کے حصول میں ان کی محنت اور کاوشوں پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اب ہماری پہلی ترجیح کیمپس کی تعمیر ہو گی اس سلسلہ میں یونیورسٹی نے پہلے ہی کیمپس کی تعمیر کے لیے ایک ارب اسی کروڑ کا ایک پراجیکٹ ایچ ای سی میں جمع کروا رکھا ہے۔ این او سی کے حصول کے بعد مذکورہ پروجیکٹ کی منظوری ہمارے لیے زیادہ آسان ہوگی۔ کیمپس کی تعمیر کے علاوہ نیلم کیمپس میں نئے پروگرامز شروع کئے جائیں گے اس مقصد کیلئے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود سے ایک تفصیلی پلان زیر بحث لایاجاچکا ہے۔
اگلے تعلیمی سال سے ہم اس کیمپس میں علاقہ کی ضروریات اور قومی سطح پر اہمیت کے حامل پروگرامز شروع کریں گے۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ ایچ ای سی نے اپنے نوٹیفکیشن میں جن ضروریات کا ذکر کیا ہے ان کو بھی پورا کیا جائے گا۔ ہماری کوشش ہو گی کہ نیلم ویلی کیمپس کے بعد اب جہلم ویلی کیمپس کیلئے بھی جلد این او سی حاصل کیا جاسکے۔