حکومت

حکومت کے خاتمےکیلئے تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں: بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہےکہ ملک کو بچانا ہے توحکومت کو ہٹانا ہے، عمران خان کو ہٹانے کے لیے ماضی کے اختلافات کے باوجود بڑا قدم اٹھانے کے لیے اکھٹے ہیں۔

لاہور میں ن لیگی قیادت سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول کا کہنا تھا کہ عوام کا اعتماد حکومت سے اٹھ چکا، اب پارلیمان کا اعتماد بھی اٹھنا چاہیے، حکومت کو بھگانے کے لیے آئینی اور جمہوری طریقہ، احتجاج کے ساتھ عدم اعتماد ہے، عوام جس معاشی بحران سے گزر رہے ہیں ان حالات میں فیصلہ بہت ضروری تھا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت اور وزرا مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں، حکومت اتنی نااہل ہےکہ کشمیر پر بھی اتفاق رائے پیدا نہیں کرسکی، تاریخ میں پہلی بار ہے کہ کشمیر ایشو پر حکومت کلیئرنہیں ہے، حکومت کی نالائقی اور نااہلی سب کے سامنے ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم نے اپنے اپنے لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، ہم نے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کو ویلکم کیا ہے اور شہبازشریف نے پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کو ویلکم کیا ہے، شہباز شریف کو کریڈٹ دیتے ہیں کہ انہوں نے ہمیں اکٹھا رکھا، سیاسی جماعتوں میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے،حکومت کے خاتمے کے لیے تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے ہم آگے جا کر مزید اتفاق رائے پیدا کرسکتے ہیں، ماضی کے اختلافات کے باوجود ہم بڑے مقصد کے لیے اکٹھے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں