اسلام آباد: وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور نے نااہلی کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کر دیا۔
وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور کے بھائی عمرامین گنڈا پور نے نااہلی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن شفافیت کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہا ہے۔
عمر امین گنڈا پور کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں چیف الیکشن کمشنر، ریجنل الیکشن کمیشن اور کامران مرتضیٰ کو فریق بنایا گیا ہے۔ عمر امین گنڈا پور نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ قانون کے مطابق شک کا فائدہ امیدوار کو ملنا چاہیے تھا۔ سمری انکوائری کے بغیر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب نہیں قراردیا جا سکتا۔
دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز عمر امین گنڈا پور کو نااہل قرار دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات مکمل ہونے تک وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور کوعوامی اجتماعات میں شرکت اور خطاب سے روک دیا تھا تاہم انہیں ڈی آئی خان میں داخلے کی اجازت مل گئی تھی۔
الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں واضح کیا تھا کہ وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور گھریلو تقریبات میں شرکت کے علاوہ کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے اور اگر انہوں نے پھر خلاف ورزی کی تو سخت کارروائی ہو گی۔
واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین ڈی آئی خان سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تحصیل میئر کے امیدوار ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تین رکنی بینچ نے گذشتہ روز کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا تھا۔