پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور رمضان شوکے میزبان عامر لیاقت حسین نے 18 سالہ لڑکی سے تیسری شادی کرلی۔
عامر لیاقت حسین نے تیسری شادی کا اعلان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کرتے ہوئے کہا گزشتہ رات میں 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوا۔ دانیہ کا تعلق جنوبی پنجاب کے علاقے لودھراں کے معزز نجیب الطرفین ’’سادات‘‘ خاندان سے ہے۔ عامر لیاقت نے اپنی تیسری بیوی کے ساتھ ایک خوبصورت تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
عامر لیاقت نے اپنی نئی نویلی دلہن کے بارے میں مزید بتایا کہ ان کی بیوی سرائیکی، دلکش، سادہ اور پیاری ہے۔ انہوں نے کہا میں اپنےتمام خیرخواہوں سے ہمارے لیے دعا کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔ میں ابھی حال ہی میں اپنی زندگی کے سیاہ دور سے گزرا ہوں جو کہ ایک غلط موڑ تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی عامر لیاقت کی سابق دوسری اہلیہ طوبیٰ انور نے عامر لیاقت سے خلع لینے کی تصدیق کی تھی۔ اور خلع کے محض ایک روز بعد ہی عامر لیاقت نے تیسری شادی کرنے کا اعلان کردیا۔
واضح رہے پی ٹی آئی کے رہنما عامر لیاقت نے 2018 میں سیدہ طوبیٰ سے شادی کی تھی۔ یہ ان کی دوسری شادی تھی۔ ان کی پہلی بیوی سیدہ بشریٰ اقبال نے دسمبر 2020 میں اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا تھا کہ انہیں ان کے سابقہ شوہر نے طلاق دے دی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت نے انہیں طلاق طوبٰی انور کے کہنے پر ایک فون کال پر دی تھی۔
طوبیٰ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ‘میں بوجھل دل کے ساتھ اپنی زندگی میں آنے والی ایک تبدیلی کے حوالے سے آپ سب کو آگاہ کرنا چاہتی ہوں جس سے میری فیملی اور قریبی دوست آگاہ ہیں اور وہ یہ کہ 14 ماہ کی علیحدگی کے بعد یہ بات صاف تھی کہ اب مفاہمت اور صلح کی کوئی امید نہیں بچی لہٰذا مجھے خلع لینے کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ لینا پڑا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نہیں بتا سکتی کہ یہ عرصہ میرے لیے کتنا مشکل تھا تاہم مجھے اللہ اور اس کے فیصلوں پر یقین ہے۔ میری آپ سب سے اپیل ہے کہ اس مشکل وقت میں میرے فیصلے کا احترام کریں۔‘
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر عامر لیاقت اور طوبیٰ کے درمیان علیحدگی کی خبریں کافی عرصے سے گردش میں تھیں تاہم اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔