اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں جاری تمام ترقیاتی اسکیموں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔
وزیر اعظم عمران خان سے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم اور وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی کے ہمراہ ملاقات کی۔ جس میں کراچی میں جاری مختلف ترقیاتی اسکیموں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر اعظم کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کراچی میں جاری تمام ترقیاتی اسکیموں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ لوگوں کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے ٹیک سیوی نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کے لیے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔