وفاقی حکومت کے خلاف پی پی احتجاج کی تیاریوں 27مارچ کے لانگ مارچ کے لیے آزادکشمیر کے سرکاری وسائل کا استعمال، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر و موسٹ سینئر وزیر، انچارج پی پی ایچ سردار تنویر الیاس نے کمیٹی روم کے استعمال کی تحقیقات اور اجازت دینے والے آفیسرکی معطلی کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مظفرآباد میں نیو چھتر سیکرٹریٹ بلاک 4میں قائد حزب اختلاف چودھری لطیف اکبر کی زیر صدارت سرکاری کمیٹی روم میں پیپلزپارٹی کا اجلاس منعقد ہواجس میں لانگ مارچ کے انتظامات اور پروگرام کو حتمی شکل دی گئی۔ کمیٹی روم میں منعقد ہونے والے اجلاس میں سرکاری سائونڈ سسٹم سمیت ہال بھی استعمال ہوا،یہ کمیٹی روم صرف سرکاری اجلاسوں کے لیے مختص ہے۔
صدر پی ٹی آئی و موسٹ سینئر وزیر سردار تنویر الیاس نے کمیٹی روم کے استعمال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے مکمل تحقیقات کا حکم دیا اور ہال میں اجلاس کی اجازت دینے والے آفیسرکی معطلی کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔