مانچسٹر: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ لینے کے بجائے کیل بروک کو ہار کا مزا چکھائیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے برطانوی حریف کیل بروک کو ہار کا مزا چکھائیں گے کیونکہ ضروری ہے کہ کیل بروک کو اُس کی جگہ دکھائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لڑائی برطانیہ کی ایک بڑی لڑائی ہو گی، کیل بروک بہت باتیں کرتے ہیں تاہم اب رنگ میں اُن کو جواب دوں گا اور انہیں ایک ایسی شکست سے دوچار کروں گا جو انہوں نے پہلے کبھی نہ دیکھی ہو گی۔
عامر خان نے کہا کہ دونوں میں سے کوئی بھی ہار گیا تو اُس کے لیے شکست کے ساتھ زیادہ دیر گزارہ کرنا مشکل ہو جائے گا۔ میں نے شکست اپنے ذہن میں ڈالی ہی نہیں ہے کیونکہ میں نے صرف جیتنا ہے اور اگر میں لڑائی ہار بھی گیا تو میرا باکسنگ سے ریٹائرمنٹ لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں بہت مضبوط اور خود کو بہت تازہ محسوس کر رہا ہوں۔ اس مقابلے میں فتح میری ہو گی کیونکہ مقابلہ جیتنے کے لیے میں نے ہر طرح سے ٹریننگ کی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان 2 سال بعد باکسنگ رِنگ میں اُترنے کے لیے تیار ہیں اور مانچسٹر ارینا میں کل ہونے والے اس زبردست مقابلے کی تمام ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔