Site icon روزنامہ کشمیر لنک

راجہ فاروق حیدر: ‘کشمیرکوئی خالصہ سرکار یا بیت المال نہیں جو ہندوستان اور پاکستان تقسیم کرتے پھریں’

راجہ فاروق حیدر

آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم راجہ فاوق حیدر نے کہا ہے کہ کشمیر کوئی کاچرائی خالصہ سرکار یا بیت المال نہیں جس کو ہندوستان اور پاکستان تقسیم کرتے پھریں۔ وفاقی وزیر داخلہ اور ان کے ترجمان نے آج سانحہ کنن پوش پورہ پر ایک لفظ بھی نہیں بولا۔ انہیں شرم آنی چاہیے۔

سوموار کے روز راجہ فاروق حیدر کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ اپنے آبائی علاقے ہٹیاں بالا میں مسلم لیگی کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں انہیں یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ‘آج 23تاریخ کو (کنن، پوش پورہ میں) سو خواتین کے ساتھ (بھارتی فوج نے) اجتماعی زیادتی کی۔ بڑا بدقسمت دن ہے آج کا۔ (میں نے) اپنی پارٹی کو بھی رگڑا۔مریم اورنگزیب کو بھی کہا کہ تم بھی عورت ہو، تمہیں کشمیری عورتوں کا خیال نہیں؟’

‘ وزیر خارجہ کو اور جو اس کا ترجمان ہے ایک لفظ نہیں کہا انہوں نے۔ شرم آنی چاہیے، کشمیری عورتوں کے لیے آج وہ بات ہی نہیں کرتے۔ کشمیری عورتیں ان کی بھی مائیں بہنیں بیٹیاں ہیں۔ وہ کیا کوئی غیر مسلم ہیں؟ غیر مسلم کے ساتھ بھی اس طر ح ہو تو وہ قابل مذمت ہے۔’

‘اس لیے آج کے دن اس بات کا خیال رکھیں۔ آج کا دن بد قسمت دن ہے 23فروری کا۔ اس کے علاوہ دس ہزار خواتین ہیں کشمیر کے اندر جن کی آبروریزی کی گئی۔ یہ کوئی چھوٹا فگر نہیں ہے۔ گیارہ ہزار بیوہ ہیں اس کشمیر کے اندر۔ سینکٹروں خواتین کو یہ نہیں پتا کہ میرا خاوند زندہ ہے یا مر گیا؟ ایک لاکھ سے اوپر ہمارے لو گ شہید ہیں۔’

‘اور آج کوئی گلگت کو صوبہ بنا رہا ہے کوئی کیا کر رہا ہے۔ یہ کشمیر کوئی کاچرائی ہے، یہ کوئی بیت المال ہے؟ یہ کوئی خالصہ سرکار ہے جو ہندوستان اور پاکستان اس کو تقسیم کرتے پھریں؟ قطعاً ایسا نہیں ہو گا۔ جب تک ہم زندہ ہیں، کوئی کشمیر کو تقسیم نہیں کر سکتا۔’

Exit mobile version