پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردِ عمل کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیکج کا اعلان عمران کی حکومت کو نہیں بچا سکتا۔
ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے منگل کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بولنے ، سیاسی مخالفین اور میڈیا پہ تہمت و بہتان لگانے، ہتک کرنے سے قومیں آگے نہیں بڑھتیں، قیامت خیز مہنگائی اور ملک کو غربت اور بے روزگاری کی دلدل میں دھنسا کر پیکج دینے کا نہیں بلکہ آپ کے جانے کا وقت ہے۔
پہلے دن تو آپ نے پچاس لاکھ گھر ، ایک کروڑ نوکری بھی دینے تھے۔ پہلے دن بھی جھوٹ بولا آج بھی جھوٹ بول رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سب تقاریر پہلے نواز شریف اور شہباز شریف کے خوف میں اور اب تحریکِ عدم اعتماد کے خوف میں ، کیا زندگی ہے عمران خان کی۔ اب کوئی بھی جھوٹا پیکج اور اعلان آپ کو گھر جانے سے نہیں بچا سکتا۔