Site icon روزنامہ کشمیر لنک

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے پاکستان اور مسئلہ کشمیر کو کیا نقصان پہنچے گا ؟

منظور حسین گیلانی، سابق چیف جسٹس آذاد کشمیر سپریم کورٹ

میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو صو بہ بنائے بغیر یہاں کے لوگوں کو باقی صوبوں کے لوگوں کی طرح وہ تمام آئینی حقوق دئے جانے کا داعی ہوں جو مملکت پاکستان کے زیر انتظام باقی لوگوں کو حاصل ہیں۔

ان علاقے کے لوگوں کا ہندوستانی مقبوضہ کشمیر کے آزاد نہ ہونے یا نہ کرانے کا کوئ قصور اور کوئ اختیار نہیں ، پھر ان کو ایک کالو نئیل  نظام میں مقید رکھنے سے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو آزادی کیسے حاصل ہوگی اور کشمیر کے مسئلہ پر کشمیریوں یا پاکستان کو کیا نقصان پہنچے گا؟

سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے تحت ہندوستان اور پاکستان ان کے زیر قبضہ ریاستی علاقوں کی سیاسی جغرافیا اور آبادی کا تناسب بدلنے کا اختیار نہیں رکھتے، یہاں پاکستان کو لوکل اتھارٹی بنانے ،سیاسی اور انتظامی آزادی دینے کی پابند ہیں ، یہ جس نظام کے تحت بھی ہوگا عارضی انتظام ہوگا جو استصواب رائے کے بعد از سر نو اس ملک کے ساتھ عمرانی معاہدے کے تحت ہوگا جس کے ساتھ ان کا الحاق ہوگا۔

ہندوستان نے ریاست کو تقسیم کر کے اس کو تحفظ دینے والے تمام آئینی اور قانونی نظام کو ختم کردیا ہے، آزاد کشمیر اور گلگت پاکستان کو بھی باضابطہ طور آئینی ٹیریٹری میں شامل کر کے ان حصول کے لئے من حیث القوم سر گرم ہے ، جبکہ پاکستان کہتا ہے یہ ہمارے حصے نہیں اس کے باوجود کشمیر کا مسلۂ متاثر نہیں ہوا نہ ختم ہوا۔

سوائے الحاق کے آزادی اور خود مختاری کا سلامتی کونسل میں کوئ تصور بھی نہیں اور آزاد کشمیر کے آئین اور قانون کے تحت پاکستان سے الحاق اور اس کی سلامتی کا حلف لئے بغیر کوئی سرکاری نوکری اور سیاسی عہدے پر رہ نہیں سکتا۔

ان علاقوں میں ان کی حکومت کا سوائے محکمہ تعلیم ، صحت ، لوکل گورنمنٹ محکمہ جنگلات اور بے سود محکمہ زراعت کے کونسا اختیار ہے ؟

حکومت پاکستان کا سوائے مرکزی احتسابی نظام کے وہ کونسا عمل اور اختیار ہے جو ان دو علاقوں میں رائج نہیں ، وہ بھی ان علاقوں کے متعلق پالیسی سازی ، فیصلہ سازی ، قانون سازی اور انتظامی امور میں نمائیندگی دئے بغیر ؟

جو ریاستی باشندے پاکستان کے صوبوں میں آباد ہیں ان کو وہ سارے حقوق حاصل ہیں جو باقی لوگوں کو حاصل ہیں اور وہ لوگ آزاد کشمیر سے بھی بیس فیصد اور مرکزی حکومت سے دو فیصد کوٹہ بھی لیتے ہیں۔

اس پس منظر میں کشمیر کے مسئلے کے حل تک گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لوگوں کو عارضی صوبہ یا صوبے کے برابر حقوق ملنے سے مسئلہ کشمیر یا پاکستان کو نقصان پہنچنے کے دعویدار علمی ، عقلی ، قانونی اور سیاسی دلیل سے رہنمائی فرمائیں۔

Exit mobile version